0
Tuesday 24 Sep 2013 16:11

ملک کو بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو میدان میں آنا چاہیئے، انجینئیر زمرک خان اچکزئی

ملک کو بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو میدان میں آنا چاہیئے، انجینئیر زمرک خان اچکزئی

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر میدان میں آنا چاہیئے۔ حکومت دہشت گردی میں ملوث افراد کو عوام کے سامنے بےنقاب کرے۔ پشاور چرچ میں خودکش حملہ قابل مذمت ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرنے والے کرسچن کمیونٹی کے افراد سے اظہار یکجہتی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انجنیئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بےگناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے حقدار بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ اب ہماری مساجد، چرچ، جنازے اور گھر محفوظ نہیں ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ دہشت گرد ی کے خاتمے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس کو بلائی جاتی ہے لیکن اس میں ہونے والے فیصلوں پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر میدان میں آنا چاہیئے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنا ہوگی، اسی میں پاکستان کی بقاء ہے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پشاور چرچ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

خبر کا کوڈ : 304957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش