0
Tuesday 24 Sep 2013 16:21

دسمبر 2015ء تک افغان مہاجرین کو واپس بھیج دیا جائیگا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

دسمبر 2015ء تک افغان مہاجرین کو واپس بھیج دیا جائیگا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سرحدات و شمالی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے آج کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو دسمبر 2015ء تک رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس بھیجا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ افغان مہاجرین رضاکارانہ طور پر واپسی کے بعد واپس پاکستان آتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی افغانستان میں حالات پر منحصر ہے اگر افغانستان میں امن و امان کے حالات بہتر ہو جائیں تو افغان مہاجرین بخوشی اپنے ملک جائیں گے۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اس سلسلے میں حالیہ دنوں میں افغانستان کے متعلقہ وزیر سے بات چیت بھی ہوئی ہے اور اس بارے میں ایک طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے کہ افغان مہاجرین عزت کے ساتھ اپنے ملک واپس جا سکیں۔ وفاقی وزیر سرحدات و شمالی علاقہ جات نے کہا کہ پاکستان میں کیمپوں میں مقیم افغان مہاجرین کو حکومت پاکستان نے ہر طرح کی سہولیات فراہم کیں۔ لیکن اب وہاں مقیم لوگوں کو غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اب بھی تقریباً تیس لاکھ کے قریب افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں۔ پاکستان میں افغان مہاجرین کی جانب سے جائیدادیں وغیرہ خریدنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں حالیہ دنوں میں میری سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ جو اس بارے میں تجاویز مرتب کرے گی اور اس کے تدارک کے لئے اقدامات کرے گی۔

وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے ان علاقوں جہاں افغان مہاجرین کے کیمپ تھے ان متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی آبادکاری اور منفی اثرات کو زائل کرنے کے لئے راہا پروگرام کے تحت پانچ سو ملین ڈالر کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ 2014ء میں افغانستان سے ایساف کی فوجوں کی واپسی کے بعد وہاں امن و امان کے حالات مزید خراب ہوں گے اور افغان مہاجرین اپنے وطن نہیں جا سکیں گے۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے اس تاثر کی نفی کی اور کہا کہ افغان حکومت کو سو فیصد یقین ہے کہ وہ اپنے معاملات خوش اسلوبی سے نمٹائیں گے۔ تاہم یہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے اور وہ اپنے معاملات خود حل کریں گے۔ بعد میں وفاقی وزیر سرحدات وشمالی علاقہ جات نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی اور ان سے متعلق مختلف امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا اس موقع پر کمشنر افغان مہاجرین حافظ محمد طاہر ارباب طالب المولا اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

خبر کا کوڈ : 304966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش