0
Thursday 26 Sep 2013 15:52

بلوچستان حکومت نے زلزلہ میں 328 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی

بلوچستان حکومت نے زلزلہ میں 328 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی

اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے قیامت خیز زلزلہ میں 3 سو 28 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ مشکے سے 100 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بلوچستان کے ضلع آواران اور کیچ میں زلزلہ کے با عث ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین سو اٹھائیس ہوگئی۔ جن میں دینی مدرسے میں جاں بحق ہونے والے بیس طالب علم بھی شامل ہیں۔ زلزلہ سے پانچ سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان کا ضلع آواران زلزلہ سے سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے۔ جہاں زلزلہ کے بعد مکانات اوردیگر عمارتیں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد دو سو پچاس سے تجاوز کرچکی ہے۔ جبکہ ضلع کیچ میں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔ آواران میں جاں بحق ہونے والے افراد میں گجکو کے ایک مدرسہ کی عمارت منہدم ہوجانے سے بیس طالب علم بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ زلزلہ سے متاثرہ اضلاع میں پانچ سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آواران میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے 30 ڈاکٹرز روانہ کردئیے گئے۔ اس کے علاوہ 13 سو خوراک کے پیکٹس، 16 سو خیمے، 3 سو کمبل و دیگر اشیاء بھی روانہ کی گئی ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکوت جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر سے طبی ماہرین کو آواران طلب کیا گیا ہے۔ ادویات، خوراک اور پینے کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے ضلع آواران کا دورہ کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لئے فوری کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کی رہائش کے لئے پانچ ہزار خیمے اور چالیس گاڑیاں صاف پانی اورخوراک لئے آواران پہنچ رہی ہیں۔

دوسری جانب آواران میں متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن امدادی کام انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ ابھی تک ریسکیو کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔ لوگ نامنا سب طبی امداد کی فراہمی کا شکار ہیں۔ پاک آرمی اور فرنٹیئرکور کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد اور آئی جی ایف سی نے زلزلہ سے متاثرہ آواران میں نقصانات اور امداید کاروائیوں کا جائزہ لیا۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان نے زلزلہ میں تین سو 28 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملبہ ہٹانے کا کام انتہائی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ اس لئے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر کا کوڈ : 305659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش