0
Wednesday 25 Sep 2013 15:14

کوئٹہ، زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس

کوئٹہ، زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس

اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کی زیر صدارت منعقدہ اعلٰی سطحی اجلاس میں منگل کی شام آنے والے زلزلے سے آواران، تربت اور بعض دیگر اضلاع میں ہونے والے نقصانات اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد اسلم شاکر بلوچ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی رضوان میمن، سیکرٹری خزانہ دوستین جمالدینی، سیکرٹری صحت عبدالصبور کاکڑ اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عبداللطیف کاکڑ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع آواران اور تربت میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی اب تک پہنچنے والی مصدقہ تفصیلات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور بذریعہ ٹیلیفون کمشنر قلات اور ڈی سی آواران کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھ کر پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو موثر اور مربوط طریقے سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ سیکرٹری صحت نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ لسبیلہ سے فوری طور پر میڈیکل ٹیم ایمبولینس اور ادویات آواران روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ وہ آج صبح آواران روانہ ہوکر صورتحال کا خود جائزہ لیں گے۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ فوری طور پر 12 ٹرکوں پر مشتمل امدادی اشیاء آواران روانہ کردی گئی ہیں۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی ضلعی انتظامیہ کی معاونت اور امدادی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے جاری رکھنے کے لیے آواران میں اضافی افسران تعینات کئے جائیں۔ جبکہ لسبیلہ اور خاران کی ضلعی انتظامیہ بھی آواران کی ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کرے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے اور کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج، این ڈی ایم اے اور ایف سی سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ نے ان سے رابطہ کرکے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ سندھ حکومت نے 2 ٹرک ادویات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر قلات اور ڈی سی آواران کو ہدایت کی گئی کہ متاثرہ اضلاع کا سروے کرکے فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ تیار کرکے صوبائی حکومت کو بھجوائی جائے۔

خبر کا کوڈ : 305319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش