0
Sunday 6 Oct 2013 21:15

حکومت غربت مٹاﺅ نہیں بلکہ غریب مٹاﺅ پالیسی پر عمل پیرا ہے، صوفی حسین لاکھانی

حکومت غربت مٹاﺅ نہیں بلکہ غریب مٹاﺅ پالیسی پر عمل پیرا ہے، صوفی حسین لاکھانی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صوفی محمد حسین لاکھانی نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے غریب کش پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ حکو مت نے معاشی دھماکے کے بجائے پیٹرولیم مصونات کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ کرکے عوام پر مزید ظلم کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صوفی محمد حسین نے کہا کہ کشکول توڑنے کے دعویدار آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے پر تلے ہوئے ہیں۔ حکمراں بھاری سودی قرضوں کا بوجھ مہنگا ئی کے ذریعے غریب عوام پر منتقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے لگتا ہے یہ غربت مٹاﺅ نہیں بلکہ غریب مٹاﺅ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کا طوفان آئے گا جس کی وجہ سے غریب کیلئے دو وقت روٹی کا حصول بھی مشکل تر ہو جائے گا۔
 
صوفی حسین لاکھانی نے پیٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو نواز حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک کو تجربات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے مہنگائی کا بم گرایا ہے، اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جو عوام پر مزید ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدید غربت اور بے روزگاری کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات، سی این جی، بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نواز حکومت کا سلوگن بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی عوام کو تحفظ اور سہولیات دینے کا نام ہے ناکہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 308764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش