0
Monday 14 Oct 2013 15:39

بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کی کوشش جاری رکھیں گے، میجر جنرل اعجاز شاہد

بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کی کوشش جاری رکھیں گے، میجر جنرل اعجاز شاہد

اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئر کور نے ڈیرہ بگٹی اور چاغی کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں۔ ایف سی نے ملزمان کے ٹھکانوں کو مسمار کر دیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے سوئی میں شرپسندوں کے خلاف کاروائی کی، کاروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین شرپسندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 11 کلو دھماکہ خیز مواد اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ کاروائی میں ملزمان کے تمام ٹھکانے مسمار کردیئے گئے۔ آئی جی ایف میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے شرپسندوں کے خلاف ایف سی کے جوانوں کی کامیاب کارروائی پر ان کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون سے دہشت گردی کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔ دریں اثناء فرنٹیئر کور بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

برآمد کئے گئے اسلحہ میں 1 راکٹ، 3 اینٹی پرسنل مائینز 06 ایس ایم جی بمعہ 500 راؤنڈز، 2 ٹیلی اسکوپ، دوربین، 300میٹر تار، 1 بیٹری، 3 سیون ایم ایم گن شامل ہیں۔ تاہم مکان خالی ہونے کی وجہ سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ادھر چاغی کی تحصیل دالبندین کے علاقے یک مچ کے قریب کلی ملک عبدالعزیز میں چھاپہ مار کر وہاں سے 510 کلو گرام افیون اور 27 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی کے جوانوں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان صوبے میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف موثر کاروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے صوبے کو پرامن اور منشیات سے پاک کیا جائے گا۔

خبر کا کوڈ : 311156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش