0
Tuesday 15 Oct 2013 15:30

کراچی، جماعة الدعوة کے تحت بلوچستان زلزلہ متاثرین کیلئے عید پیکج کی بڑی کھیپ روانہ

کراچی، جماعة الدعوة کے تحت بلوچستان زلزلہ متاثرین کیلئے عید پیکج کی بڑی کھیپ روانہ
اسلام ٹائمز۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر جماعة الدعوة کراچی کی جانب سے بلوچستان کے متاثرین زلزلہ کیلئے 6 ٹرکوں پر مشتمل 87 لاکھ روپے مالیت کے عید پیکج کی بڑی کھیپ مرکز تقویٰ گلشن اقبال سے روانہ کی گئی ہے۔ امدادی سامان چیئرمین فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن حافظ عبدالروف اور امیر جماعة الدعوة کراچی انجینئر نوید قمر کی نگرانی میں بھجوایا گیا ہے۔ بھجوائے گئے امدادی سامان میں 450 خیمے، 1600 خاندانوں کیلئے ایک ماہ کا خشک راشن اور بچوں کے لئے 1 ہزار کھلونے، کپڑے و دیگر اشیاء شامل ہیں۔ مذکورہ سامان عیدالاضحی کے موقع پر بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقوں آواران، ماشکے، خضدار، ملار، لاباج و دیگر مقامات پر متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
 
16سو خاندانوں کے لئے بھیجے گئے راشن پیک میں آٹا، چاول، چینی، چائے اور گھی سمیت دیگر اشیاء ضرورت شامل ہیں۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالروف، جماعة الدعوة کے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ عیدالاضحی متاثرین زلزلہ کے ساتھ گزاریں گے تاکہ قربانی کا گوشت پہنچانے کا عمل بخوبی سرانجام دیا جا سکے۔ جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں قربانیوں کے لئے کراچی سے جانور خرید کر متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیئے ہیں جبکہ مزید جانور خرید کر متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کا کام تاحال تیزی سے جاری ہے۔
 
امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر حافظ عبدالروف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرہ تمام علاقوں میں گھر گھر قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا تاکہ متاثرین کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی ہدایت پر جماعة الدعوة نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقے آواران و دیگر میں بڑے پیمانے پر قربانیاں کرنے کا انتظام کیا ہے۔ حافظ عبدالروف کا کہنا تھا کہ جماعة الدعوة کے رضاکار زلزلہ متاثرین کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے کے لیے آواران پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید رضاکاروں کو بھی گوشت تقسیم کرنے کے لئے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 311351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش