0
Sunday 20 Oct 2013 23:56

پنجاب پولیس نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

پنجاب پولیس نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا
لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

پنجاب پولیس نے محرم الحرام کے دوران ممکنہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فسادات کے خدشات کے پیش نظر لاہور سمیت 19 اضلاع کو حساس قرار دیتے ہوئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔ آئی جی پنجاب نے مذکورہ اضلاع میں تعینات آر پی اوز کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد ڈی پی اوز کو اپنے اپنے اضلاع میں قائم مختلف مکاتب فکر کے مدارس، مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس کے مراکز کی نگرانی کرنے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے احکامات ملنے کے بعد لاہور پولیس سمیت تمام اضلاع کے ڈی پی اوز نے مساجد، امام بارگاہوں میں ہونے والی تقریبات اور مجالس کو جانے والے راستوں کے نقشہ جات تیار کرنے اور ان راستوں پر چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیکٹر کیلئے پنجاب پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد آئی جی پنجاب خان بیگ نے پنجاب کے انتہائی حساس اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، ساہیوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، وہاڑی، گجرات، اٹک، ڈی جی خان، میانوالی، مظفر گڑھ، بھکر، سیالکوٹ، نارروال، پاکپتن، خانیوال میں تعینات سی سی پی اوز اور آر پی اوز کے ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ جس میں آئی جی پنجاب نے ان افسران سے انکے اضلاع میں موجود حساس مساجد، امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے مذکورہ افسروں کو کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے جلوس کے روٹس کی ناکہ بندی کرنے کے ساتھ ساتھ جلوس میں داخلی راستوں پر چیکنگ کے سخت انتظامات کرتے ہوئے واک تھرو گیٹ لگا کر پولیس فورس کو میٹل ڈیکٹر فراہم کئے جائیں تاکہ وہ جلوس اور مجالس میں شرکت کرنے والے ہر شخص کی تلاشی لے سکیں۔

آئی جی پنجاب نے ان حساس اضلاع میں موجود مدارس کی نگرانی بھی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آر پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں موجود ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ آئی جی پنجاب کی طرف سے ملنے والے احکامات کے تحت فوری طور پر امن کمیٹیوں کے ارکان اور مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگز کر کے انکو کہا جائے کہ وہ سکیورٹی کے لئے اپنے لوگوں کو بھی تیار کریں اور پولیس کو ان لوگوں کی فہرستیں فراہم کی جائیں۔ مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو خصوصی طور پر پولیس کی طرف سے کارڈز مہیا کئے جائیں۔ حساس اضلاع کے ڈی پی اوز نے ہدایات ملنے کے بعد اپنے اپنے اضلاع میں امن کمیٹیوں کے ارکان اور مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں موجود ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ حساس مقامات کی ازسرنو فہرستیں تیار کریں اور ان افراد کو پابند کریں جن پر شرانگیزی کا خدشہ ظاہر ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق احمد نے لاہور کی آپریشن و انویسٹی گیشن کی 6 ڈویژنوں میں تعینات ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لاہور کو امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے مرکزی جلوس سمیت لاہور میں نکلنے والے تمام جلوسوں کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے مساجد اور امام بارگاہوں کے گردونواح میں موجود آبادیوں میں رہنے والے مالک مکان و کرائے داروں کے کوائف ازسرنو اکٹھے کرتے ہوئے مشکوک افراد کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نگرانی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 312671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش