0
Monday 21 Oct 2013 09:41
نواز شریف کی جان کیری سے ملاقات

دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل حل کرنے کیلئے ملکر کام کرنیکی ضرورت پر زور

دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل حل کرنے کیلئے ملکر کام کرنیکی ضرورت پر زور
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سمیت اعلٰی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نواز شریف جان کیری سے ملاقات کے لیے امریکی محکمہ خارجہ پہنچے تو ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ دونوں رہنماوٴں کی ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورت حال اور انسداد دہشت گردی سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکہ کے وزیر دفاع چک ہیگل اور سی آئی کے ڈائریکٹر جان برینن سمیت کئی حکام موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں امن وامان کے استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور امریکہ مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کی جمہوری حکومت سے مل کر تمام شعبوں میں کام جاری رکھے گا۔ جان کیری نے پاکستانی معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے نواز شریف کے جرات مندانہ اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان سے امریکہ کے تعلقات انتہائی اہم ہیں اور امریکہ انہیں مزید بہتر اور وسیع تر کرنا چاہتا ہے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں حلال کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مینیو میں بھنی ہوئی بھیڑ، زعفرانی چاول اور خصوصی آئس کریم سمیت کئی ڈشیں شامل تھیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں محکمہ خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کےہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی تھے۔ وزیر خارجہ کیری نے کہا وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کرکے انہیں خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف 1999ء کے بعد محکمہ خارجہ آئے ہیں، امریکہ پاکستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا خطے میں سلامتی کے لئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔ وزیر خارجہ کیری نے کہا پاکستان کو شدت پسندی کے چیلنج کا سامنا ہے۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کی کدو کے سوپ، بکرے کے گوشت، زعفرانی چاول اور آئس کریم سے تواضع کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 312790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش