0
Wednesday 23 Oct 2013 15:35

وزیراعظم کا دورہ امریکا قومی دولت کا ضیاع اور سیر سپاٹے کے سوا کچھ نہیں ہوگا، مجاہد چنا

وزیراعظم کا دورہ امریکا قومی دولت کا ضیاع اور سیر سپاٹے کے سوا کچھ نہیں ہوگا، مجاہد چنا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی اور امریکی امداد کے عیوض ملکی سالمیت کا سودا کرنے والے حکمرانوں سے کسی خیر کی امید رکھنا فضول ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ امریکی دورے سے کسی بڑی توقع کی امید نہیں رکھنی چاہئے کیوں کہ دنیا میں بھکاری اور غلام قوموں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ سے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا کہ امریک کو پاکستان کا احسان مند ہونا چاہئے کہ جس نے امریکی جنگ میں نہ صرف لاجسٹک سپورٹ دی بلکہ اپنی معیشت تباہ اور عملی طور پوری ملک کو میدان جنگ بنا دیا، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
 
مجاہد چنا نے کہا کہ پاکستان نے اپنا بجٹ امریکی جنگ میں جھونک دیا، خسارہ کو پورا کرنے کیلئے عالمی مالیاتی اداروں سے بھاری سود کے بدلے میں مزید قرض لیا اور ان ہی کی شرائط پر بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سمیت عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی جبکہ پہلے ہی پاکستان کا ہر پیدائشی بچہ پچاسی ہزار کا مقروض ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تمام تر غلامی اختیار کرنے کے باوجود ڈو مور، دہشتگری کے الزامات اور ڈرون حملوں کے ذریعے نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بلکہ ہماری ملکی آزادی و خود مختاری کو پائمال کیا جا رہا ہے۔
 
جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ امریکا پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی اس خطے میں بالادستی چاہتاہے بالکل اسی طرح جس طرح برطانیہ نے تقسیم ہند سے پہلے کردار ادا کیا تھا۔ مجاہد چنا نے مزید کہا کہ ماضی کی اگر تاریخ دیکھی جائے 71ء کی جنگ میں بحری بیڑے سے لیکر اب تک تو امریکا نے کبھی بھی پاکستان کے ساتھ وفا نہیں کی اس لئے ہم کہتے ہیں کہ امریکا کی دوستی اچھی نہ ہی دشمنی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف امریکا میں قید قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو رہا، ڈرون حملے بند اور نیٹو فوج کے انخلاء کے مشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو دورہ کو کامیاب کہا جا سکتا ہے ورنہ قومی دولت کا ضیاع اور سیر سپاٹے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 313502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش