0
Wednesday 30 Oct 2013 18:05

صوبائی وزیر ماحولیات نے بغیر لائسنس مجالس و جلوس کا بیان واپس لے لیا

صوبائی وزیر ماحولیات نے بغیر لائسنس مجالس و جلوس کا بیان واپس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر ماحولیات پنجاب و پولیس ریفارمز کمیٹی کے چیئرمین کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی ترجمان نے اس خبر کی وضاحت کی ہے جس کے مطابق لائسنس کے بغیر عزاداری کے جلوس نکالنے پر پابندی کے سختی سے نفاذ کے علاوہ محرم الحرام کے دوران مجالس سے صرف انہی ذاکرین کو خطاب کرنے کی اجازت دینے کی بات کی گئی ہے جن کے پاس حکومت کی طرف سے لائسنس موجود ہو گا۔ ترجمان کے مطابق کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے علماء کرام کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام روایتی عزاداری و ماتمی جلوس اپنے شیڈول کے مطابق نکلیں گے اور ذاکرین بغیر کسی لائسنس کے مجالس عزا برپا کر سکیں گے بشرطیکہ وہ فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی اور منافرت پھیلانے سے احتراز کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کے دوران عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور مجالس عزا میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس ریفارمز کمیٹی کے چیئرمین نے محرم الحرام کے مہینے میں صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز قائم کرنے کے علاوہ شیعہ علماء کرام کا یہ مطالبہ بھی منظور کر لیا ہے کہ سکیورٹی کے خطرے کے پیش نظر پارکنگ کیلئے جگہ کا تعین مجالس کے مقامات سے فاصلے پر کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیر ماحولیات نے چند روز قبل بیان دیا تھا کہ پنجاب بھر میں بغیر لائسنس مجالس اور جلوس نکالنے پر پابندی ہو گی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاہم ملت تشیع کی جانب سے شدید ردعمل پر وزیر کی ترجمان نے بیان کی وضاحت جاری کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 315877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش