0
Tuesday 5 Nov 2013 18:32

شہباز شریف کی محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت

شہباز شریف کی محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے، کابینہ کمیٹی صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرے۔ وہ یہاں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ہارون سلطان،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز ہوم، اوقاف، اطلاعات، صحت، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او اور ڈی سی او لاہور کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے دہشت گردی سمیت دیگر سنگین مسائل کا سامنا ہے، دشمن ہماری سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اور کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا اور ہم نے اس جنگ میں 50 ہزار قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور یہی وجہ ہے کہ اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے، علیحدہ انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ پولیس کو جدید اسلحے سے بھی لیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی تربیت، جدید اسلحے کی فراہمی اپنی جگہ لیکن ملک کو درپیش چیلنجز اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا، محرم الحرام کے دوران اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہماری بقاء اسی میں مضمر ہے کہ ہم متحد ہو کر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مشتبہ افراد، ہوٹلوں، سراؤں، ریلوے سٹیشن، اہم مارکیٹوں سمیت دیگر مقامات پرسادہ لباس میں اضافی نفری تعینات کی جائے اور حساس مقامات پر سکیورٹی کے زیادہ انتظامات کئے جائیں۔ یوم عاشور کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فنکنشنل ہونے چاہئیں، مجالس اور جلوسوں کے گرد سکیورٹی کا چار درجاتی حفاظتی حصار قائم کیا جائے، جلوسوں کے مقررہ اوقات میں اختتام کو یقینی بنایا جائے۔ سینئر پولیس افسران خود جلوسوں کے ساتھ رہیں، روٹس کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے، فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کیلئے کھانے اور چائے کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور موثر کارروائی کی جاسکے۔ مرکزی کنٹرول روم میں صوبے بھر سے امن و امان کے قیام کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی حفاظت کیلئے واک تھرو گیٹس اور جیمرز کا انتظام یقینی بنایا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اشتعال انگیز مواد کو ضبط کیا جائے اور منافرت پر مبنی وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو کہ خلاف ورزی پر فی الفور کارروائی کریں۔ وزیراعلیٰ نے اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ طے کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ڈویژنل اور ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹیوں کے اراکین تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لوڈشیڈنگ کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مجالس اور جلوسوں کے دوران جنریٹرز اور یوپی ایس کا انتظام کرے ۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ مختلف اضلاع کے اچانک دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کریں۔

وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر اور جہاز کابینہ کمیٹی کی صوابدید پر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اراکین محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے میرا ہیلی کاپٹر اور جہاز استعمال کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے محرم الحرام کے دوران اپنے اپنے اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبائی وزراء اپنے تفویض کردہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ سکیورٹی اداروں، علماء، منتخب نمائندوں اور عوام کے تعاون سے محرم الحرام میں امن و امان کی فضا قائم رہے گی۔قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری داخلہ نے محرم لحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان کے اہم خدو خال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سی سی پی او لاہور نے صوبائی دارالحکومت میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 317858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش