0
Tuesday 5 Nov 2013 10:24

محرم الحرام، 17 علماء کے آزاد کشمیر داخلے پر پابندی

محرم الحرام، 17 علماء کے آزاد کشمیر داخلے پر پابندی
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ خفیہ اداروں، پولیس کے درمیان بہتری کوآرڈین نیشن یقینی بنایا جائے گا۔ پورے آزاد کشمیر کی سکیورٹی انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ہر شہر اور علاقے کی سطح پر امن کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں۔ میثاق کشمیر کے نام سے آزادکشمیر کے اندر تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تمام اضلاع کے اندر بھی معاہدے کیے جائیں گے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ مشکوک مقامات پر چھاپے اور ہوٹلز، ریسٹ ہائوسز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدا بخش اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ یکم سے دس محرم الحرام تک 1181 مجالس منعقد ہوں گی۔ جن کی سکیورٹی کے لیے 3500 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے 17 علماء کے آزاد کشمیر داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے نام نہیں بتائے گے۔ سینٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ریاست بھر میں دہشت گردی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ 7 جلوسوں کو حساس ترین جبکہ 16 کو حساس قرار دیا گیا ہے باقی ماندہ 67 کو پرامن انداز میں مقررہ مقامات پر پہچانے کے لیے پولیس، رضاکار اور سکائوٹس کی مدد لی جائے گی۔ جب کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں کا تعین کر کے مکمل چیکنگ کے بعد ہی کوئی شخص داخل ہو سکے گا۔ اس مقصد کے لیے علماء سے مشاورت کے بعد تمام تر حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی سمیت مکمل ویڈیوریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سال 2009ء کے دوران مظفرآباد امام بارگاہ پر خودکش حملے میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 317682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش