0
Thursday 7 Nov 2013 07:32

پاکستان کا امریکہ سے تعلقات پر یوٹرن لیکر پالیسیاں بنانا ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے، لیاقت بلوچ

پاکستان کا امریکہ سے تعلقات پر یوٹرن لیکر پالیسیاں بنانا ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو ناپاک بنا دیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل اتحاد بین المسلمین کے فروغ کو عام کرے گی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پر مبنی شیطانی تثلیث امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جسے اللہ تعالٰی نے بے شمار وسائل اور نعمتوں سے مالا مال کیا ہے، اگر دین اسلام کی روح پر عمل کیا جاتا اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہوا ہوتا تو ہمارا ملک دنیا میں ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا۔ 

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اقتدار میں آنے والی سول اور فوجی حکومتوں نے اسلامی نظام سے روگردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے ملک اور دین سے بے پناہ محبت رکھتے اور ملک میں اسلامی نظام حکومت چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ امریکہ ہماری آزادی، خود مختاری اور قومی سلامتی پر حملہ آور ہے۔ دہشتگردی کی جنگ میں امریکہ کا فرنٹ لائن اتحادی بن کر پاکستان نے ناقابل تلافی نقصان اٹھایا ہے۔ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے کہ پاکستان امریکہ سے تعلقات پر یوٹرن لے اور قومی مسلمہ اصولوں پر مبنی داخلہ و خارجہ پالیسیاں مرتب کرے اور حکمران قوم کو اعتماد میں لیں۔
خبر کا کوڈ : 318356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش