0
Thursday 7 Nov 2013 18:33

محرم کے باوجود جلد بازی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اعلان نے انتخابات کو متنازعہ بنا دیا، غنویٰ بھٹو

محرم کے باوجود جلد بازی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اعلان نے انتخابات کو متنازعہ بنا دیا، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف صوبوں میں حکومت وقت کا من پسند بلدیاتی نظام، ان علاقوں میں حکومتی بااثر افرادکو کامیابی دلانے کیلئے نئی حلقہ بندی اور اس سلسلے میں مقامی لوگوں کے داخل کئے گئے اعتراضات اور عشرہ محرم کے باوجود جلد بازی میں الیکشن منعقد کرنے کے اعلان نے مذکورہ بلدیاتی انتخابات کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ آزادانہ و غیرجانبدارانہ انتخابات کے ذریعے اقتدار نچلی سطح تک منتقل کیا جائے اور عدلیہ، پولیس کے نظام اور ٹیکسوں کی وصولی اور ٹیکس کے ذریعہ وصول کی جانے والی رقم کو مقامی منتخب نمائندے حسب ضرورت علاقے کے ترقی کے کیلئے استعمال کریں۔ ہر صوبے میں سرعت اور جلدبازی کے ساتھ نافذ کئے جانے والے بلدیاتی نظام کا مقصد حکمران جماعت کے مفادات کے تحفظ کے سوا کچھ نہیں۔ 

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ عدالت عالیہ کے مذکورہ فیصلے سے عوام کے ذہنوں میں مختلف نوعیت کے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں کہ محرم الحرام کے مہینہ میں حکومت وقت کی جانب سے اپنے مفاد میں بنائے گئے بلدیاتی نظام کے تحت انتخاب کرانے کے عدالتی فیصلے کے پیچھے کیا راز کار فرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت بھی یہی چاہتی ہے کہ محرم الحرام میں مذہبی تقریبات میں مصروف مسلمانوں کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی مصروفیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جائیں۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ حالیہ عام انتخابات میں ہونیوالی تاریخی دھاندلی اور بدانتظامی کی وجوہات اور ان کا حل ڈھونڈنے کے بغیر اسی انتخابی نظام کے ذریعہ مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی متنازعہ ہونگے۔ چیئرپرسن پی پی شپہید بھٹو نے کہا کہ ان کی پارٹی مذکورہ تمام صورتحال کی موجودگی کے باوجود ہر صوبہ بالخصوص سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ غنویٰ بھٹو نے پارٹی کارکنوں اور ذمہ دار افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ڈویژن، ہر ضلع، تعلقہ اور ہر مقام پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں اور پارٹی کے موقف نظریہ اور منشور سے عوام کو آگاہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 318621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش