0
Sunday 10 Nov 2013 09:26

سیدنا امام حسینؑ نے دین اسلام کو قیامت تک زندہ کر دیا، محمد باغ علی رضوی

سیدنا امام حسینؑ نے دین اسلام کو قیامت تک زندہ کر دیا، محمد باغ علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ فیصل آباد میں اہلسنت و جماعت کے نائب ناظم اعلیٰ مفتی محمد باغ علی رضوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان کربلا میں قربانی کا پیغام دین سے محبت اور آزمائش میں صبر و رضا ہے۔ کربلا کے ریگزاروں سے سسکیوں اور آہوں کی داستان امت مسلمہ کو دین اسلام سے محبت اور وفا کا درس دیتی ہے۔ واقعہ کربلا میں سید الشہداء سیدنا امام حسینؑ نے یزیدی قوتوں کے سامنے اپنا سر نہ جھکا کر دین اسلام کو قیامت تک کیلئے زندہ جاوید کر دیا۔ امت مسلمہ کو امن اخوت اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ مفتی محمد باغ علی نے کہا کہ قران کریم میں ارشاد باری ہے اور جو خدا کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں ہاں تمہیں خبر نہیں۔ اس فورم میں علامہ عبدالحنان سیالوی راہنما اہلسنت و جماعت پاکستان، محمد تیمور خان ناظم اعلیٰ اہلسنت و جماعت فیصل آباد ڈویژن، پیر غلام سرور ساقی چیف آرگنائزر اہلسنت وجماعت فیصل آباد ڈویژن، محمد خالد قادری راہنما اہلسنت و جماعت پاکستان، علامہ قاری کفایت اﷲ قادری صدر مدرسہ شیخ الالسلام اور قاری محمد اسحاق باروی نے محرم الحرام کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ خانوادہ رسالت کے عظیم اور ممتاز شہزادے نے پرفتن دور میں جس طرح ملت اسلامیہ کے وجود کو سنبھالا دیا اور باطل کے سامنے اعلائے کلمۃ الحق کی ذمہ داریاں نبھائیں وہ اپنے آپ میں بے نظیر ہیں۔ آپ کے اخلاق کریمانہ میں جود و سخا، ہمت و شجاعت، صبر و شکر اور حلم و حیا بہت نمایاں تھے۔ علامہ قاری کفایت اﷲ قادری نے کہا کہ اﷲ تبارک و تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں کہ( ان مہینوں میں اپنی جانوں پر ظلم مت کرو) ظلم سے مراد گناہ ہے کہ انسان کو خصوصیت کے ساتھ ان مہینوں میں گناہوں سے پرہیز کرنا چاہئے۔ یوم عاشورہ ایک خاص امتیاز کا مالک ہے اور بہت سے مقدس باب اس سے وابستہ ہیں۔ آخر میں پیر غلام سرور ساقی نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان میں بدامنی اور فرقہ واریت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ اسلام امن کا دین ہے اور دین اسلام میں اس کی اجازت نہیں۔ واقعہ کربلا سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ امت مسلمہ کو ہر سطح پر قیادت کا انتخاب اسلامی اصولوں کے مطابق کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 319457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش