0
Wednesday 13 Nov 2013 23:09

کوئٹہ، یوم عاشورہ کے جلوس کی قیادت کیلئے علماء اہلسنت کو دعوت دی ہے، سید داؤد آغا

کوئٹہ، یوم عاشورہ کے جلوس کی قیادت کیلئے علماء اہلسنت کو دعوت دی ہے، سید داؤد آغا

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے یوم عاشورہ کے جلوس کی قیادت کیلئے علماء اہلسنت کو دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ تمام امت مسلمہ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ بلوچستان شعیہ کانفرنس کی نئی قیادت بھی اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے جدوجہد مسلسل میں مصروف عمل ہے۔ اسی مقصد کیلئے ہم نے علماء اہلسنت اور ملت جعفریہ کے علماء کرام کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔ ہمارا ماننا ہے کہ بلوچستان ہم سب کی سرزمین ہے اور یہاں تمام اقوام کا جینا مرنا یکجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یوم عاشورہ کے جلوس کی قیادت کیلئے بھی علماء اہلسنت کو دعوت دی ہے، تاکہ فرقہ وارانہ سوچ کی نفی ہو سکے۔ بلوچستان میں ہمیشہ سے تمام اقوام ایک گلدستے کی مانند رہی ہے۔ بیرونی قوتوں کی مذموم سازشوں کی وجہ سے بلوچستان میں بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت یہاں نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔ ان قوتوں کا محاسبہ کرنے کیلئے صوبے کے تمام عوام کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔

سید داؤد آغا نے مزید کہا کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے صوبے میں بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہمیں ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ گذشتہ دنوں ناقص سکیورٹی پر ہم نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے اب سکیورٹی انتظامات مناسب بہتر کر دیئے گئے ہیں اور ہم امید رکھیں گے، کہ حکومت ہمیں سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں غیر سنجیدہ پالیسیوں کے باعث بلوچستان میں لگی آگ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان مہر و محبت کی سرزمین ہے اور یہاں شیعہ سنی جیسے کوئی اختلافات نہیں۔ تاہم سوچھی سمجھی سازش یہاں حالات خراب کرنے کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خلفائے راشدین، ازواج مطہرات اور اصحاب کرام کی اتنی ہی عزت کرتے ہیں، جتنی کہ عوام اہلسنت کرتے ہیں اورہم سمجھتے ہے کہ ان عظیم ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والا خارج از سلام ہے۔ ہم نے علماء کرام کو شدت سے ہدایت کی ہے کہ مجالس اور تقاریر کے دوران اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور آپسی بھائی چارے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنے تقاریر کریں اور عوام تک امن بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیں۔

بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیئے کہ قیام امن اور حالات کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے۔ اگر اب بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تو بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی تمام تر ذمہ داری موجودہ صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ ہم صوبے میں قیام امن کیلئے ہرکسی قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ ہماری عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ آپسی بھائی چارے کی فضاء کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے، تاکہ سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستے میں آنے والی تمام مساجد میں نماز جمعہ مکمل اہتمام کیساتھ ادا کی جائیگی۔ ہم نے حکومت اور انتظامیہ کو واضح طور پر کہا ہے کہ نہ تو نمازیوں کو سکیورٹی کے نام پر تنگ کیا جائے اور نہ ہی جلوس کے راستے میں موجود گھروں کے رہائشیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات سے محروم رکھا جائے۔

خبر کا کوڈ : 320763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش