0
Sunday 17 Nov 2013 09:38

نئی دہلی میں پولیس حکام کی سالانہ کانفرنس 21 نومبر سے

نئی دہلی میں پولیس حکام کی سالانہ کانفرنس 21 نومبر سے
اسلام ٹائمز۔ نئی دہلی میں 21 نومبر سے ریاستی پولیس سربراہان اور آئی جی پیز کی تین روزہ سالانہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں حفاظتی صورتحال کے ساتھ ساتھ دہشت گردی، دراندازی اور نکسل تشدد جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی پولیس سربراہان کی سالانہ کانفرنس کا اہتمام ہر سال انٹیلی جنس بیورو یعنی آئی بی کی طرف سے کیا جاتا ہے، کانفرنس میں تمام ریاستوں کے ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کے علاوہ سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر افسران بھی شرکت کریں گے، کانفرنس 21 سے 23 نومبر تک جاری رہے گی اور وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کانفرنس سے خطاب کرکے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو پولیس میڈل سے نوازیں گے۔ بھارتی وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور دیگر سینئر مرکزی افسران ڈجی پیز اور آئی جی پیز کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ملک کی اندرونی سلامتی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں اور نکسلیوں سے در پیش خطرات سے نمٹنے، ریاستوں کی اندرونی سلامتی کو مضبوط بنانے اور پولیس میں خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنا کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر اور تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی ریاستوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تشدد سے نمٹنے اور جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں حکمت عملی مرتب کرنے پر بھی غور و خوض کیا جائے گا، اس سلسلے میں خاص طور پر اترپردیش کے حالیہ فسادات، پولیس کےلئے اسلحہ و تربیت، خالی جگہوں کو پر کرنے، دراندازی اور نکسل تشدد کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے، کانفرنس میں جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اشوک پرساد اور انسپکٹر جنرل جموں و کشمیر بھی شرکت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 321665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش