0
Tuesday 3 Dec 2013 20:30

نواز شریف کو وارننگ دیتا ہوں کہ دہشتگردی بند کروائیں، فیصل رضا عابدی

شیعہ اور سنی نواز لیگ کی اصلیت جان چکے ہیں، آئندہ الیکشن میں عبرت ناک شکست نواز لیگ کا مقدر بن چکی ہے
نواز شریف کو وارننگ دیتا ہوں کہ دہشتگردی بند کروائیں، فیصل رضا عابدی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے کہا وہ حکومت کو آخری وارننگ دیتے ہیں، اگر ملک بھر میں جاری دہشت گردی کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو کراچی سے اسلام آباد تک مارچ کرینگے اور پھر حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا، ملک میں مارشل لا نافذ ہوگا۔ انہوں نے کہا نواز شریف دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے اور انہیں پورے ملک میں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نفرت اور اشتعال پھیلانے والے فساد کے اڈوں کو مسمار کیا جائے، پہلے ایک لال مسجد تھی اب سینکڑوں ایسی مساجد سوالیہ نشان بن چکی ہیں، جہاں سے مسلمانوں کو کافر قرار دینے کے فتوے جاری ہو رہے ہیں۔

سید فیصل رضا عابدی نے کہا رائے ونڈ دہشتگردوں کا گڑھ ہے، جہاں درجنوں طالبان پناہ گزین ہیں اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ وزیر قانون نہیں بلکہ وزیر دہشت گردی ہیں، جنہیں ملک بھر میں دہشت گردی کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت ایک مخصوص گروہ کی سرپرستی کی وجہ سے ملک بھر میں شیعہ اور سنی شہریوں کے ووٹ سے ہاتھ دھو چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو شیعہ اور سنی ووٹ نہیں ملیں گے، کیونکہ نواز لیگ بے نقاب ہوچکی ہے کہ وہ ہی حقیقت میں دہشتگردوں کی سرپرست ہے اور انہی کے دور میں اتحاد بین المسلمین کے داعی رہنماؤں کو شہید کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی مسجد میں 3 بندے مر گئے، اس پر حکومت نے فوری طور پر ایکشن لیا اور عدالتی تحقیقاتی کمیشن بنا دیا، لیکن ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے سینکڑوں شیعہ اور سنی حکومت کو دکھائی نہیں دیتے؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن ہم حکومت کو یہ اجازت بھی نہیں دیں گے کہ وہ بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے گھروں کا تقدس پامال کرے اور بے گناہ لوگوں سے جیلیں بھر کر گنتی پوری کرے۔ انہوں نے کہا امام بارگاہوں کو جلایا گیا، قرآن مجید شہید کئے گئے، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، جس سے اس کی وابستگیاں بے نقاب ہوئیں اور آئندہ الیکشن میں نواز لیگ عبرت ناک شکست سے دوچار ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 327082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش