0
Monday 9 Dec 2013 19:28

نواز شریف کا شہید ذوالفقار بھٹو کیخلاف بیان مضحکہ خیز اور حقیقت کے منافی ہے، غنویٰ بھٹو

نواز شریف کا شہید ذوالفقار بھٹو کیخلاف بیان مضحکہ خیز اور حقیقت کے منافی ہے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نوجوانوں کیلئے روزگار اسکیم کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے اس حصہ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ”بھٹو کی نیشنلائیزیشن سے ملکی معیشت کو بیحد نقصان ہوا“ کو مضحکہ خیز، بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی تاریخ گواہ ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہی غربت میں واضح طور پر کمی ہوئی اور غریب اور امیر کے درمیان فرق میں تخفیف ہوئی۔ اپنے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے ملک میں چینی کی کمی واقع ہونے پر 14 شوگر ملز قائم کیں اور زرعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمیائی کھاد کی پیداوار میں پانچ گنا تک اضافہ کر دیا جو کسی ریکارڈ سے کم نہیں۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بھٹو کی عوامی حکومت نے مزدوروں کی یونین کو مضبوط بنایا اور کارخانیدار کی جانب سے مزدوروں کو بے دخل کرنے کے اختیارات مکمل طور پر ختم کئے گئے اور مزدوروں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ملک میں لیبر کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ غنویٰ بھٹو نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ نواز شریف کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام دوست اور حقیقی جمہوری حکومت کی معاشی پالیسی پر تنقید کرنے سے پہلے ملک کی معاشی تاریخ غور سے پڑھ لینی چاہئے تاکہ ان پر عیاں ہو جائے کہ بھٹو حکومت کے بعد نجکاری کی پالیسی اپنانے والے حکمرانوں نے تیس سالوں میں ملکی معیشت کا جو حشر کیا ہے اس کی کوئی نظیر نہیں، جن کے دور حکومت میں غربت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور غریب اور امیر کے درمیاں فرق اپنی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 328938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش