0
Friday 26 Apr 2024 17:17

کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے، میئر کراچی

کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے، ہر ٹاؤن میں کے ایم سی انسپکٹر تعینات کئے جا رہے ہیں، شہری انتظامیہ اور کے ایم سی مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے گی، عدالتی احکامات کے مطابق شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے، شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز کے لئے جگہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ وہاں ٹھیلوں اور پتھاروں کو منتقل کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی، میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ایم اے جناح روڈ صدر، ریگل مارکیٹ، موبائل مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، بوہری بازار اور ضلع جنوبی کے دیگر علاقوں سے تجاوزات ختم کی جائیں گی۔ اجلاس کے دوران کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنی حدود میں واقع تجاوزات اور ان کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں حیدری فوڈ اسٹریٹ بلاک H نارتھ ناظم آباد، لنڈی کوتل چورنگی، سندھی ہوٹل، حسین آباد فوڈ اسٹریٹ، اللہ والا چورنگی نارتھ کراچی، لیاقت آباد 10 نمبر اور سپرمارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے، تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ان تمام جگہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1131268
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش