0
Monday 30 Dec 2013 20:26
حکمرانوں نے مجاہدین کی قربانیاں ضائع کر دیں

دہلی سے پہلے اسلام آباد کو فتح کرنا ہوگا، سراج الحق

دہلی سے پہلے اسلام آباد کو فتح کرنا ہوگا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سینئر وزیر صوبہ خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ دہلی سے پہلے اسلام آباد کو فتح کرنا ہوگا۔ شریعت کا حکم ہے کہ پہلے اپنے گھر میں اسلام نافذ کرو، تو پھر اللہ تعالیٰ پوری دنیا میں غلبہ اسلام کے راستے کھول دے گا۔ اسلام آباد میں امریکی ایجنٹ اور گونگے بہرے حکمران بیٹھے ہیں جن کی جیبوں میں امریکی گرین کارڈ اور برطانیہ کے ویزے ہیں۔ وہ خدا سے نہیں، واشنگٹن سے ڈرتے ہیں۔ عوام کی چیخیں اور کشمیری ماﺅں بہنوں کی فریادیں انہیں سنائی نہیں دیتیں۔ سب سے پہلے اسلام آباد میں محمود غزنوی اور محمد بن قاسم اور صلاح الدین ایوبی ڈھونڈنا ہوں گے۔ جب تک اسلام آباد میں نظریہ پاکستان کا بول بالا نہیں ہوتا، پاکستان ایک اسلامی اور فلاحی ریاست نہیں بن سکتا۔ مجاہدین نے افغانستان میں قربانیاں دیں لیکن ضمیر فروش حکمرانوں نے امریکہ کی مدد کر کے ان قربانیوں کو ضائع کر دیا۔

انکا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا پیغام ملک بھر کے گلی کوچوں، شہروں اور دیہاتوں میں پہنچانے کے لیے کارکنوں کو اٹھ کھڑے ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے سینکڑوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین اور علامہ جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیر ایک مسئلہ نہیں، بلکہ ایک فرض ہے جس کی ادائیگی سے حکومتوں نے ہمیشہ غفلت برتی۔ جماعت اسلامی نے کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے ضیاءالحق ، نوازشریف اور پرویز مشرف سمیت تمام حکمرانوں سے بار بار مطالبہ کیا۔ ہم نے ملک بھر میں ریلیاں، جلسے، جلوس اور جہاد کانفرنسیں کیں، مگر کسی حکمران نے ہماری بات سنی نہ ہمارے مطالبے کو در خور اعتنا سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم پہاڑوں اور پتھروں سے بھی یہ مطالبے کرتے تو وہ مظلوم کشمیری مسلمانوں کی فریادیں سن کر رو پڑتے، لیکن اسلام آباد کے بت ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے فرعون عوام کا خون چوس رہے ہیں، لوگوں کو دو وقت کی روٹی علاج معالجے اور تعلیم کی سہولتیں میسر نہیں، جو بھی حکمران آتا ہے وہ نئے نعروں اور وعدوں سے عوام کو فریب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام اپنے جیسے غریب نمائندوں کا انتخاب نہیں کرتے، محلات میں رہنے والے ان کی کوئی فریاد نہیں سنیں گے۔
خبر کا کوڈ : 335781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش