0
Monday 30 Dec 2013 00:41

بلوچستان میں اسلحہ ساز اور بارود بنانے والی فیکٹریوں کا پکڑا جانا انتہائی تشویشناک ہے، منور حسن

بلوچستان میں اسلحہ ساز اور بارود بنانے والی فیکٹریوں کا پکڑا جانا انتہائی تشویشناک ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی چینی بیچنے اور ذاتی تجارت کو فروغ دینے کے لیے قوم کو بھارت کی غلامی میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ میاں صاحب کہتے ہیں کہ قوم نے انہیں بھارت سے دوستی کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ اگر یہی بات انتخابات سے قبل سامنے آتی تو آج میاں صاحب وزیراعظم نہ ہوتے۔ انہیں قوم نے پاکستان سے دشمنی اور کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا مینڈیٹ نہیں دیا۔ دونوں بھائی بھارت کی بالادستی قبول کرنے میں بڑے بے تاب نظر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری تین روزہ مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا۔

منورحسن نے کہا کہ زرداری حکومت پانچ سال میں اتنی غیر مقبول اور بدنام نہیں ہوئی تھی، جتنی موجودہ حکومت صرف سات ماہ میں ہو چکی ہے۔ بلوچستان میں اسلحہ ساز اور بارود بنانے والی فیکٹریوں کا پکڑا جانا انتہائی تشویشناک ہے۔ پتہ نہیں بلوچستان میں ایسی کتنی فیکٹریاں بارود بنانے میں مصروف ہیں۔ ابھی تک تو صرف دو پکڑی گئی ہیں۔ حکومت اور خفیہ ایجنسیاں اب تک ایسی فیکٹریوں کا پتہ کیوں نہیں لگا سکیں۔ ان فیکٹریوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اور وہ کیا چاہتے ہیں، حکومت کو ان باتوں کا بھی سراغ لگانا چاہیے۔ کشمیری ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیا ہے، قوم انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ملک میں کشمیر کمیٹی تو موجود ہے، مگر کشمیر کی نمائندگی کرنے والا کوئی نہیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ مقتدر اور بااختیار قوتیں طاغوت کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔ پاکستان کو جغرافیائی اعتبار سے خطے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے مگر حکمران اس جغرافیائی حیثیت سے فائدہ نہیں اٹھا رہے۔ امریکہ بھارت کی مدد سے خطے کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں بیٹھے ہوئے امریکہ اور بھارت کے غلام پاکستان کی آزادی اور سالمیت دشمن کے ہاتھ دینا چاہتے ہیں۔ امریکہ نے طے کرلیا ہے کہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا ہے اگر پاکستانی حکمران اپنے محل وقوع کا فائدہ اٹھاتے تو نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کو ایک کامیاب اور ترقی یافتہ ملک منوانے میں کامیاب ہو جاتے۔
خبر کا کوڈ : 335501
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش