0
Monday 6 Jan 2014 10:03

کشمیریوں کو حق مانگتے 64 سال گزر گئے

کشمیریوں کو حق مانگتے 64 سال گزر گئے
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں کو حق خودارادیت دینے کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو چونسٹھ سال گزر گئے، لیکن انھیں آج تک یہ حق نہیں ملا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی۔ 5جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا تھا۔ اس دن کو دونوں جانب کے کشمیری عوام یوم حق ارادیت کے طور پر مناتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں نیلم پل سے ریلی نکالی گئی جو پریس کلب پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی سے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آلو پیاز کی تجارت نہ تو مسئلہ کشمیر کا حل ہے اور نہ کشمیریوں کی قربانیوں کا پھل۔ بھارت انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کو گمراہ کرتا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر دیا ہے، کوئی بھی انتخاب استصواب رائے کا نعم البدل نہیں ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اتوار کو یوم حق خود ارادیت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گذشتہ روز عالمی برادری کی توجہ اس حقیقت کی طرف مبذول کرائی گئی کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 5جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے ایک قرار داد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرکے انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 

یوم حق خودارادیت کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیاں، جلسے جلوس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی فریڈم پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ، ڈیموکریٹک پارٹی اور تحریک وحدت اسلامی سمیت متعدد حریت جماعتوں اور رہنمائوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی ادارہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر سے متعلق پاس شدہ قرار دادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آج پیر کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال ہو گی۔ یہ فیصلہ 6جنوری 1993ء کو سوپور میں بھارتی پولیس کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 337837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش