0
Monday 6 Jan 2014 20:53

عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی تو پھر شدید احتجاج ہوگا، عمران خان

عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی تو پھر شدید احتجاج ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی تو پھر شدید احتجاج ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔ عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے شروع ہونے والی سونامی پنجاب میں آکر رُک گئی، سندھ میں نہ آنے پر وہ یہاں کے عوام سے معافی مانگتے ہیں، سندھ کے عوام مظلوم ہیں ان پر سب سے زیادہ ظلم کئے جاتے ہیں، تحریک انصاف مظلوموں کی جماعت ہے ہم انہیں متحد کررہے ہیں کیونکہ جب تک قومیں اکٹھی نہیں ہوں گی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا اور ظالم کو موقع ملتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کرنے کے لئے ہمیشہ مظلوموں کو تقسیم کیا جاتا ہے اور اس کے مختلف معاملات پیدا کئے جاتے ہیں وہ یقین دلاتے ہیں کہ تمام صوبوں کے متفق ہونے تک کالا باغ ڈیم یا کوئی اور ڈیم نہیں بنے گا۔ عمران خان نے کہا کہ انتخابات کے دوران صوبوں میں اپنے امپائر لگائے گئے اور بدترین دھاندلی کی گئی، انہوں نے تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابات تو قبول کرلئے ہیں لیکن دھاندلی کو قبول نہیں کیا، ان کا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ 4 حلقوں میں تحقیق ہوئی تو پتاچلے گا کہ 11 مئی کو تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی تھی۔ اگر بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی توسڑکوں پر احتجاج ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ جس ملک میں انصاف نہیں وہاں ظلم ہوتا ہے، پاکستان تحریک انصاف عدل و انصاف کا نظام لا کر نیا پاکستان بنائے گی۔ یہ کیسا احتساب ہے کہ ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے، خیبر پختونخوا پورے پاکستان کے لئے مثال بنے گا کیونکہ وہاں پولیس کو غیر سیاسی بنایا گیا ہے، تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں احتساب کا ایسا نظام لارہی ہے کہ جس کے خلاف کرپشن کا ثبوت ہوگا اس کےخلاف کارروائی ہوگی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ اور وزیروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں امن نہیں اور ہمارا یہ مؤقف ہے کہ جب تک ہم امریکا کی جنگ سے نہیں نکلیں گے ملک میں امن نہیں ہوگا، کوئی یہاں اپنا سرمایہ نہیں لگائے گا اور خوشحالی نہیں آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 338159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش