0
Thursday 12 Aug 2010 06:09

ملک بھر میں رمضان کا آغاز،آج پہلا روزہ ہو گا

ملک بھر میں رمضان کا آغاز،آج پہلا روزہ ہو گا
اسلام آباد:ملک بھر میں رمضان کا آغاز ہو گیا،آج پہلا روزہ ہوگا۔زکوة کی کٹوتی کیلئے جمعرات کو بینک بند رہیں گے۔رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مذہبی گہما گہمی شروع ہو گئی۔ملک بھر میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا,جس میں مساجد میں تراویح کے خصوصی انتظامات قابل ذکر ہیں۔اس با برکت مہینے کے حوالے سے خدا کی رحمت کے طلب گاروں میں خصوصی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ 
رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر ملک و قوم کی سلامتی،سیلاب زدگان کی بحالی،دہشت گردی سے نجات اور گناہوں سے مغفرت کے لئے اجتماعی اور انفرادی دعائیں کی جا رہی ہیں،جبکہ علماء کرام نے رمضان المبارک میں حکومتی اخراجات میں کمی اور سیلاب زدگان کی مدد کے لئے قومی بچت استعمال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مولانا مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کرنے کے بعد قوم اور حکومت سے اپیل کی وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آگے بڑھیں،حکومت غیر ترقیاتی بجٹ میں کمی کر کے یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کرے اور عوام نفلی حج کا پروگرام منسوخ کر دیں اور یہ رقم سیلاب زدگان کی مدد کے لئے دیں تو انہیں مقبول حج کا ثواب ملے گا۔
مفتی منیب الرحمن نے حکومت سے جذبہِ خیر سگالی کے تحت ٹی وی چینلز پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور ٹی وی چینلز سے اپیل کی کہ وہ قومی اتفاق و اتحاد کی خبروں کو اہمیت دیں اور انتشار پھیلانے والی خبروں سے گریز کریں۔کراچی میں چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو سپارکو،محکمہ موسمیات اور پاکستان نیوی کی فنی معاونت حاصل تھی۔
جنگ نیوز کے مطابق رمضان المبارک 1431ھ کا چاند نظر آ گیا ہے لہٰذا جمعرات کو ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا۔اس بات کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے بدھ کو گلستان جوہر کراچی میں واقع محکمہ موسمیات کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ملک کے متعدد علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں،جنہیں معتبر قرار دیا گیا۔ 
قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں مرکزی اور زونل کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی،جبکہ سپارکو اور محکمہ موسمیات کے افسروں نے ارکان کو فنی معاونت فراہم کی۔زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی لاہور،پشاور اور کوئٹہ میں منعقد ہوئے۔دریں اثناء آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس میٹ کمپلیکس،محکمہ موسمیات،گلستان جوہر کراچی میں منعقد ہوا اجلاس میں مفتی محمدرفیق،مفتی مولانا شبیر احمد کاکاخیل،مولانا شبیر احمد،حافظ عبیداللہ پنہور،مولانا انوار الحق حقانی،مولانا اخوندزادہ،سید عبدالمبین شاہ بخاری،مولانا قاضی نیاز حسین نقوی،مولانا عبدالقوی،قاری عبدالرشید الازہری،زونل کمیٹی کے ارکان میں مولانا حافظ محمد سلفی،مولانا نذیر حسین نعیمی،مفتی سید صابر حسین،مولانا سید علی کرار نقوی،مولانا ولی خان مظفر،مولانا قاری محمد اقبال،قاضی محمد احمد نسیمی،مولانا صابر نورانی،مولانا فیروز الدین رحمانی نے شرکت کی۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل اکرام اللہ جان نے اہتمام اور رابطہ کار کے فرائض انجام دیئے اور محکمہ موسمیات کے چیف میٹریالوجسٹ محمد ریاض،سپارکو کی طرف سے چیف اسپیس منیجر غلام مرتضیٰ نے فنی معاونت کی اور انتظامی سہولتیں فراہم کیں۔پاکستان نیوی کے ہائیڈروگرافک کے لیفٹیننٹ کمانڈر توفیق نے بھی شرکت کی۔ 
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے جب رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تو دعا سے قبل انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جیو سمیت تمام بند چینلز سے غیر مشروط طور پر پابندی اٹھا لی جائے،اجلاس کے بعد مفتی منیب الرحمن نے متاثرین سیلاب کی بحالی، پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی و ترقی کیلئے دعا ئیں کیں۔

خبر کا کوڈ : 33875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش