1
0
Sunday 12 Jan 2014 23:58

الطاف حسین کا ایجنڈا سندھ کی نہیں پاکستان کی تقسیم ہے، ڈاکٹر قادر مگسی

الطاف حسین کا ایجنڈا سندھ کی نہیں پاکستان کی تقسیم ہے، ڈاکٹر قادر مگسی
اسلام ٹائمز۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ دھرتی سے اظہار یکجہتی کے لئے 9 فروری کو کراچی میں یکجہتی مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ یکجہتی مارچ مزار قائد سے شروع ہو کر تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے سندھ دھرتی میں رہنے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مارچ میں شریک ہو کر ثابت کر دیں کہ وہ سندھ دھرتی کی تقسیم کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ لندن میں بیٹھ کر پاکستانی شہریت ترک کرنے والے الطاف حسین کا ایجنڈا سندھ کی نہیں پاکستان کی تقسیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی ہماری ماں ہے، اس کو کوئی تقسیم نہیں کر سکتا اور سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے یہ سمجھ لیں کہ ہم اس دھرتی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ 

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ﺍوہ ایم کیو ایم کو سیاسی جماعت نہیں سمجھتے کیونکہ ان کا نعرہ یہ ہے کہ ”جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے“ ایسے نعرے سیاسی اور جمہوری جماعتوں کے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی سیاست سندھ کے مفادات کے خلاف ہے، وہ سندھ نہیں بلکہ پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جماعت کی حیثیت کا انداز اس بات سے ہوتا ہے کہ ان کے رہنما مصطفیٰ کمال پاکستان نہیں بلکہ بیرون ملک جا کر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ ان کو اندازہ ہے کہ پاکستان میں ان کے ساتھ کیا ہو سکتا ہے۔ ایاز لطیف پلیجو اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا جواب تو ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر خود دے چکے ہیں کہ یہ ملاقات کس کی خواہش پر ہوئی؟ بس میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ایاز لطیف پلیجو نے سیاسی بداخلاقی کی ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات حکمران جماعتوں کی انا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ بلدیاتی فنڈز عوام پر خرچ کرنے کی بجائے گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ مل کر ان کی بندر بانٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں بلدیاتی انتخابات کیسے منعقد ہوں گے، اس کا جواب تو الیکشن کمیشن اور حکومت ہی دے سکتی ہے۔ کراچی آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر قادر مگسی نے کہا کہ جب تک گورنر سندھ عشرت العباد خان کو ان کے عہدے سے ہٹایا نہیں جاتا، اس وقت تک کراچی آپریشن کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 340447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United States
ڈاکٹر نے صحیح کہا ہے۔
ہماری پیشکش