0
Monday 13 Jan 2014 10:19

مسئلہ کشمیر ایک زندہ و جاوید حقیقت جس سے انکار کرنا عقل و دانش کا منافی ہے، یاسین ملک

مسئلہ کشمیر ایک زندہ و جاوید حقیقت جس سے انکار کرنا عقل و دانش کا منافی ہے، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر برصغیر کو امن اور استحکام اور ترقی سے ہمکنار کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاستدان، انکی جماعتیں اور لیڈران جتنی چاہے مکارانہ سیاست کاری کریں، اپنی کشمیر دشمنی کو چھپا نہیں سکتی، گاندربل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سخت سردی کے باوجود لوگوں کی آمد اور آزادی کے جلسے میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جذبہ جوان رہے اور منزل مقصود کی جانب ہمارا سفر یکسوئی کے ساتھ عزم مسلسل کے ساتھ جاری ہو تو دنیا کی کوئی بڑی سے بڑی طاقت ہمیں حصول مقصد سے روک نہیں سکتی ہے، یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے لاکھوں نفوس کی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے، ان قربانیوں کا تقاضہ ہے کہ ہم بحیثیت ایک قوم عزم صمیم اور ایک چہرے کے ساتھ ان قربانیوں کی حفاظت بھی کریں اور راہ عزیمت میں کسی بھی تساہل و تغافل کو آڑے نہ آنے دیں، یاسین ملک نے کہا کہ راہ آزادی کا سفر نا ہی مختصر ہوتا ہے اور نا ہی آسان ہوا کرتا ہے، اس راہ میں بیشمار قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں اور لمبا وقت بھی درکار ہوتا ہے، خود ہندوستان کو 200 سال کی جدوجہد کے بعد انگریزوں سے آزادی ملی تھی، اسلئے جو لوگ آزادی کے سفر کے دوران شارٹ کٹ اور دوسرے آسان راہوں کی تلاش میں رہتے ہیں وہ عزیمت کے اس سفر کے راہی بننے کے لائق نہیں ہوتی۔

یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر میں کام کرنے والے ہند نواز سیاست کار، جماعتیں اور لیڈران خواہ انکے نعرے کتنے ہی مزین کیوں نہ ہوں اصلاً بھارت کی ظلم و جبر کی کلہاڑی کے دستے ہیں جن کا کام ظلم و جبر کو آئینی و قانونی جواز فراہم کرکے کشمیریوں کے مصائب میں اضافہ کرنا ہے، ان سیاست کاروں کی سیاست کا اصل محور بھارت کی جی حضوری ہے اور جس اسمبلی کا یہ لوگ حصہ ہوا کرتے ہیں اُس کا کام کشمیریوں کے خلاف افسپا اور پی ایس اے جیسے کالے قوانین کو بنانا اور نافذ کرنا ہوا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر ایک ایسی زندہ و جاوید حقیقت ہے جس سے انکار کرنا عقل و دانش سے منکر ہونے کے برابر ہے، اگردنیا کے بڑے بڑے ممالک جن میں امریکہ برطانیہ اور یورپ وغیرہ قابل ذکر ہیں دنیا کو امن و استحکام کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں تو انہیں انسانوں کو درپیش مسائل کا حل تلاشنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ جو کوئی یہ سمجھتا ہے کہ مسئلہ جموں کشمیر کو حل کئے بنا یا پھر اسے پس پشت ڈال کر تعمیر و ترقی اور امن و استحکام کا قیام ممکن ہے تو وہ خوابوں کی دنیا میں رہ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 340471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش