0
Wednesday 15 Jan 2014 23:50

خضدار، قبائلی رہنماء کے گھر پر ایف سی کی کارروائی، ایک مغوی سمیت 3 افراد ہلاک

خضدار، قبائلی رہنماء کے گھر پر ایف سی کی کارروائی، ایک مغوی سمیت 3 افراد ہلاک

اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں قبائلی رہنماء میر رسول بخش کے گھر پر فرنٹیئر کور اور لیویز فورس نے ڈپٹی کمشنر اور کمانڈنٹ ایف سی کی قیادت میں کارروائی کی۔ جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مغوی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایف سی کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ 8 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ لیویز نے میر رسول بخش سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر خضدار افضل اور تحصیلدار علی احمد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر خضدار وحید شاہ، ایف سی کمانڈنٹ کرنل تنویر کی قیادت و نگرانی میں ایف سی اور لیویز فورس کی بھاری نفری نے خضدار سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر علاقہ زیدی میں قبائلی رہنماء سردار نصراللہ کے بھتیجے میر رسول بخش کی رہائش گاہ اور مہمان خانے پر چھاپہ مارا۔ جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔ فائرنگ میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ جن میں سے ایک کی شناخت نور محمد کے نام سے کی گئی، جو پانچ ماہ سے لاپتہ تھا۔ جبکہ دو دیگر ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہ ہو سکی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ایف سی کے تین اہلکار نائیک حمل، رحمت خان اور سپاہی رئیس زخمی ہو گئے۔ جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا جبکہ کارروائی کے دوران 8 افراد اقبال، شفیع محمد، عبداللہ، محبوب علی، امداد علی، محمد یوسف، عطاءاللہ اور عبدالمجید کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، ایک راکٹ لانچر، تین سیون ایم ایم رائفل، تین رائفل، ایک شاٹ گن، ایک نائن ایم ایم پسٹل، ایک وائرلیس سیٹ اور 4 سو مختلف قسم کی گولیاں اور شراب برآمد کرلیا گیا۔ لیویز انتظامیہ نے میر رسول بخش ساسولی، محمد انور اور محبوب علی سمیت گیارہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور گرفتار کئے جانے والے افراد کے نام بھی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش لیویز کر رہی ہے۔

خبر کا کوڈ : 341521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش