0
Monday 27 Jan 2014 21:52

پرامن معاشرے کے قیام کیلئے دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے، پاکستان عوامی تحریک

پرامن معاشرے کے قیام کیلئے دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ دہشت گردی کی سفاک کارروائیوں میں شہید ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں، معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کیلئے پاکستان عوامی تحریک (ویمن ونگ) کے زیراہتمام لبرٹی چوک لاہور میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں سینکڑوں خواتین نے موم بتیاں جلا کر شہداء کے ساتھ عقیدت و محبت اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ امن کیلئے شہید ہونے والے فوجیوں، سوسائٹی کے بے گناہ افراد سے محبت کا اظہار گلدستے رکھ کر کیا گیا۔ خواتین کیساتھ بچے بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک (ویمن ونگ) کی مرکزی رہنماء راضیہ نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفاک دہشت گردوں نے پھول جیسے معصوم بچوں کو شہید کر کے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ان کے سینوں میں دل نہیں پتھر ہیں اس لئے ایسے ظالم درندوں کیخلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا، زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور ان کی قربانی کو اپنے لئے سر کا تاج بناتی ہیں، پوری قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں مسلح افواج اور شہید سیکیورٹی اہلکاروں کیساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی رعائت کے مستحق نہیں ان کا خاتمہ پر امن معاشرے کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اب دہشت گردی کے اس طویل سلسلے کے حل کیلئے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے۔ دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ عوام افواج پاکستان پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔ دہشت گرد ملک اور عوام کے بدترین دشمن ہیں۔ معصوم شہریوں، بچوں، بوڑھوں، خواتین، صحافی بھائیوں، پولیس اور فوجی جوانوں کا خون بہا کر عبادت گاہوں میں نمازیوں کو شہید کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ دہشت گرد وطن عزیز کو ایسا نقصان پہنچا چکے ہیں جس کی تلافی کیلئے عشرے درکار ہونگے۔ اگر ریاست کے باغی آئین، قانون اور حکومتی رٹ کو تسلیم کر کے اپنے جائز مطالبات منوانے کیلئے ہتھیار ڈال کر مذاکرات پر آمادہ ہوں تو بہتر ورنہ برداشت کی ایک حد ہوتی ہے۔ قوم کب تک یہ زخم سہتی رہے گی اور بے گناہوں کو مرواتی رہے گی۔

اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی صدر حنا امین، عائشہ شبیر، ثانیہ مظہر، نبیلہ ظہیر و دیگر بھی موجود تھیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی خواتین نے شمعیں روشن کر کے اور پھول چڑھا کر دہشت گردی میں شہید ہونیوالیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حنا امین نے کہا کہ فوج پورے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، ہر وقت دشمن سے آنکھ ملاتی ہے، سیاچین جیسی برفیلی چوٹیوں کی خون جما دینے والی سردی اور تپتے ریگستانوں میں گرمی کی شدت برداشت کرتی ہے، فوج پر با ر بار دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والے بزدل ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ قتل و غارت گری، دہشت گردی، بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ آج کی اس دعائیہ تقریب میں ہم پاک فوج کو تحسین آفرین اور تشکر کے جذبات پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور ہم وطنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ دعائیہ تقریب میں امن کی شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کی بلندی درجات کیلئے خصوصی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 345656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش