0
Wednesday 29 Jan 2014 09:45

وزیراعظم آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف 6ماہ بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں، اس موقع پر امکان ہے کہ وزیراعظم ملکی سکیورٹی معاملات کے حوالے سے پالیسی بیان دیں، وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے اراکین کو اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ 27 جنوری کو اپوزیشن نے وزیراعظم کی ایوان سے مسلسل غیر حاضری کے خلاف اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے نوازشریف صرف ایک جماعت کے وزیر اعظم ہیں اور ہماری آنکھیں ان کو ایوان میں دیکھنے کو ترس گئیں جبکہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایوان سے مسلسل غیرحاضری پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم کو اس وقت لیڈر شپ کی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ وزیراعظم ایوان میں موجود نہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی رکن قومی اسمبلی ایوان سے مسلسل 40 روز تک غیر حاضر رہے تو اس کی نشست خالی قراردے دی جاتی ہے لہٰذا وزیراعظم کی نشست قانون کے مطابق خالی قرار دی جائے۔ 

ایوان کے قائد گذشتہ 7ماہ میں صرف 7بار ایوان میں آئے۔ میاں نواز شریف 14سال جس پارلیمنٹ میں قدم رکھنے کا ارمان دل میں لیے رہے وہی پارلیمنٹ وزارت عظمیٰ پر فائز ہونے کے بعد ان کے لیے اتنی اجنبی ہو چکی کہ اب وہ وہاں آئیں تو ایک غیر معمولی خبر بن جاتی ہے۔ وزیراعظم رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے سے اب تک 7ماہ میں 7 بار قومی اسمبلی آئے۔ 

صدارتی انتخاب کے موقع پر 29جولائی 2013ء کو، سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کا اعلان کرنے 24 جون 2013ء کو، 12جون کو بجٹ پیش کرنے کے موقع پر، 10جون کو سابق صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکاء اجلاس سے خطاب کے وقت، 5جون کو قائد ایوان منتخب ہونے پر، 3جون کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر اور یکم جون کو بطور رکن قومی اسمبلی حلف لینے۔
 
27جنوری کی ہی بات ہے، وزیراعظم نے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مشترکاء پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی لیکن قومی اسمبلی نہیں گئے، ان کی پارلیمنٹ سے غیرحاضری پر انہیں ہدف تنقید بنانے والی اپوزیشن کو اور بھی بڑا موقع ہاتھ آگیا مگر اسپیکر نے بتایا کہ وزیراعظم کی تو چھٹی کی درخواست آئی ہے۔ اب شاید وزیراعظم کو اندازہ ہو گیا تھا کہ اپوزیشن ان کی ایوان سے مزید چھٹی منظور نہیں کرنے والی، اس لیے وہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں تاہم سینیٹ کا ایوان ابھی تک وزیراعظم کی تو پہلی جھلک کا ہی منتظر ہے۔
خبر کا کوڈ : 346132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش