0
Wednesday 5 Feb 2014 19:31

ڈی آئی خان، جماعۃ الدعوہ کے زیراہتمام آزادی کشمیر کارواں اور جلسہ

ڈی آئی خان، جماعۃ الدعوہ کے زیراہتمام آزادی کشمیر کارواں اور جلسہ
اسلام ٹائمز۔ یوم کشمیر کے موقع پر جماعۃ الدعوہ کے زیراہتمام مرکز عبداللہ بن مسعود سے توپاں والا چوک تک بڑا کشمیر کارواں نکالا گیا۔ جس میں ڈیرہ اسماعیل خان  اور اس کے گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد شریک تھے۔ امیر جماعۃ الدعوہ حافظ محمد سعید کی ہدایات پر ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے تھے۔ کاروان سرکلر روڈ سے ہوتا ہوا ٹانک اڈہ اور وہاں سے ٹاون ہال چوک پر پہنچا۔ کشمیر کارواں کے اختتام پر توپاں والا چوک پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری رہنماؤں حریت پسند رہنماء سید علی گیلانی اور دختران ملت کی سربراہ آپا آسیہ اندرابی نے سرینگر مقبوضہ کشمیر سے جبکہ معروف جہادی کمانڈر اور جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی امیر پروفیسر سعید احمد نے لاہور سے ٹیلی فونک خطاب کیا، جبکہ مختلف مقامی مذہبی، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ جس میں جماعۃ الدعوۃ کے ذونل مسؤل عتیق الرحمن چوہان، مولانا حافظ احسان اللہ، بھائی محمد سعود، جماعت اسلامی کے مولانا پروفیسر سلیم اللہ خان، زاہد محب اللہ چغتائی ایڈووکیٹ، پاکستان مسلم لیگ کے ڈاکٹر عبداللہ ظفری، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا حماد اللہ فاروق، راجپوت برادری کے رہنماء حنیف پیپا ایڈووکیٹ، اساتذہ و مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کارواں میں شامل کارکن کشمیریوں سے رشتہ کیا، لا الا اللہ، کشمیر بزور شمشیر، کشمیریوں کو آزادی دو، ہندو کا ایک علاج الجہاد الجہاد، کے نعرے لگا رہے تھے۔

کارواں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار ہے اور بےگناہ کشمیریوں کے قتل عام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر یہ ثابت کرتا ہے کہ کشمیری اکیلے نہیں ان کے جذبہ حریت میں ہم بھی شریک ہیں آج پورے ملک میں کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ کشمیری بھائیوں کا پیغام دیا جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ کاروان کے آخر میں توپاں والا چوک پر ہندوستانی پرچم نذر آتش کیا گیا جبکہ بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے پتلے کو پہلے پھانسی اور بعد ازاں نذر آتش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 348714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش