0
Saturday 8 Feb 2014 00:47

بھارت امریکا اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان کے ایٹمی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے، صاحبزادہ عمار سعید

بھارت امریکا اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان کے ایٹمی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے، صاحبزادہ عمار سعید
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر آزاد کرنا ہوگا، بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کا جال بچھا دیا ہے، بھارت افغانستان میں امریکا اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان کے ایٹمی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال کالونی کورنگی کراچی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یکجہتی کشمیر سیمینار سے مفتی سعید رضوی، علامہ فیصل عزیزی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کےرہنما مولانا سید بلال شاہ، انجمن نوجوانان اسلام پاکستان سندھ کے رہنما مبشر علی قادری، رانا شاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف خاموش اور اسلامی ممالک کے سربراہان تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارت کے مظالم اور نہتے مسلمانوں کے قتل میں برابر کی شریک ہے، اقوام متحدہ اپنی منظور کردہ قراردادوں کے ذریعے کشمیر میں حق خود ارادیت کیلئے رائے شماری کرا کر اپنی عالمی ذمہ داریاں ادا کرکے دوہرہ معیار ختم کرے۔ صاحبزاد عمار سعید سلیمانی نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کی مکمل آزادی تک اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 349432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش