0
Friday 7 Feb 2014 18:37

طالبان کیساتھ مذاکرات کیخلاف سنی اتحاد کونسل نے آج ملک گیر یوم احتجاج منایا

طالبان کیساتھ مذاکرات کیخلاف سنی اتحاد کونسل نے آج ملک گیر یوم احتجاج منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام پشاور اور کراچی میں دہشت گردی کے تازہ واقعات اور دہشت گردوں سے مذاکرات کے حکومتی فیصلے کیخلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں قتل ناحق کے خلاف خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کے حامیوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں ریاست مخالف دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ یومِ احتجاج کے موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کراچی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگردوں کیساتھ این آر او کو قبول نہیں کرے گی، فائر بندی شورش زدہ علاقوں میں نہیں پورے ملک میں ہونی چاہیے، آگ اور خون کا وحشیانہ کھیل کھیلنے والے شریعت کے پرچم بردار نہیں ہو سکتے، ملک بچانے کیلئے دہشت و وحشت کا خاتمہ ضروری ہے، طالبان کو بچانے کی کوششوں سے شہداء کے ورثاء کے زخم تازہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کو بتائیں کہ ایک کالعدم تنظیم سے کس آئین کے تحت مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔ ہم فوجی اور سویلین شہداء کے خون کا سودا نہیں ہونے دیں گے۔ شہداء کے خاندانوں کا غم و غصہ طوفان بننے والا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین متحد ہو کر میدان میں آنیوالے ہیں، امن پسندوں نے بھی ہتھیار اٹھا لیے تو سب کچھ تباہ ہو جائے گا، طالبان کے حامی ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردی کے متاثرین کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے باغی ہمارے دوست نہیں دشمن ہیں۔ ریاست کے باغیوں کو گلے لگانے کے نتائج خطرناک اور خوفناک ہوں گے۔ امن کا جھنڈا اٹھانے والے ہی ملک کا اصل اثاثہ ہیں۔

سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی چولیں ہلانے والے آئین کے حامی نہیں باغی ہیں۔ جہادیوں کو اثاثہ سمجھنے کی ریاستی سوچ بدلنا ہو گی۔ تخریب کاروں اور انتہاپسندوں کے لیے دنیا و آخرت میں رسوائی ہے۔ شریعت کے باغی شریعت کے ٹھیکیدار بنے پھرتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے صدر پیر سیّد محمد اقبال شاہ نے بوریوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کی جنگوں کا میدان بنا ہوا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں نے ملک یرغمال بنا لیا ہے۔ قوم بندوق برداروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہو جائے۔ سنی اتحاد کونسل صوبہ بلوچستان کے صدر مولانا وزیرالقادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک آتش فشاں اور مقتل گاہ بن چکا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سیّد جوادالحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کرنے والے ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات آئین کی خلاف ورزی ہے۔ موت کی سوداگری نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ نفرت کے بیوپاری ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔ حکومت مارنے والوں کی تابعداری کی بجائے مرنے والوں کے آنسو پونچھے۔ یومِ احتجاج کے موقع پر خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، سمندری میں علامہ حامد سرفراز، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، پشاور میں علامہ فضل جمیل، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صاحبزادہ حمید الدین رضوی، پیرمحل میں علامہ نعیم الدین رضوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 349305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش