0
Tuesday 11 Feb 2014 01:31

ڈی آئی خان، 100 کنال سے زیادہ اراضی مالکان کو بھتہ خوروں کیجانب سے دھمکی آمیز پرچیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا

ڈی آئی خان، 100 کنال سے زیادہ اراضی مالکان کو بھتہ خوروں کیجانب سے دھمکی آمیز پرچیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافات میں رہائش پذیر معروف زمینداروں، شہر کے متمول گھرانوں اور تاجروں کو نامعلوم افراد کی جانب سے کروڑوں روپے بھتہ کی پرچیاں ایک تسلسل کے ساتھ موصول ہو رہی ہیں اور انکے موبائل فونز پر باقاعدگی سے دھمکی آمیز کالز بھی آرہی ہیں۔ تحصیل پروآ کے زمینداروں نے پولیس کی جانب سے منعقدہ امن جرگے میں پولیس کے افسران کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ ایک سوکنال سے زیادہ اراضی کے مالکان کو نامعلوم افراد کی جانب سے لاکھوں روپے کے بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں اور وصولی کیلئے باقاعدہ طور پر انکو دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز بھی آرہی ہیں۔ موقع پر موجود اعلٰی افسران کو مذکورہ پرچیاں اور ٹیلی فون نمبرز بھی دیئے گئے، پولیس افسران نے یقین دلایا کہ جلد ہی مجرموں کی سرکوبی کی جائے گی۔ 

ڈیرہ شہر میں گذشتہ چند ماہ سے مسلسل اس قسم کے واقعات ہو رہے ہیں۔ شہر کے رہائشیوں نے اس سلسلے میں ڈی سی او ڈیرہ اور ڈی پی او کو بھی بارہا مطلع کیا۔ اعلٰی افسران نے ان نامعلوم افراد کی ٹیلی فون کالز کا ریکارڈ بھی حاصل کیا، تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ واضح رہے کہ ڈیرہ شہر اور اسکے مضافات میں بھتہ وصولی کے سلسلے میں نامعلوم افراد نے دستی بموں سے حملے بھی کئے ہیں اور گھروں کو بارودی مواد سے اڑانے کی کوشش بھی کی ہے۔ شہر کے رہائشی اس عجیب صورتحال میں سخت خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ اسلام ٹائمز کے ذرائع کے مطابق حالیہ صورتحال سے دلبرداشتہ یا خوفزدہ ہوکر تاجران اور امراء دیگر شہروں کو نقل مکانی کر رہے ہیں۔ یہ امر بھی باعث حیرت ہے کہ بھتہ خور صرف مقامی افراد یا ایک مخصوص مکتب کے ماننے والوں سے بھتہ طلب کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 350393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش