0
Wednesday 12 Feb 2014 16:41

سفیر شہانی اور انکے چار ساتھیوں کو فوراً بازیاب کرایا جائے، علامہ ولایت حسین جعفری

سفیر شہانی اور انکے چار ساتھیوں کو فوراً بازیاب کرایا جائے، علامہ ولایت حسین جعفری

اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم کا اجلاس علامہ ولایت حسین جعفری کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر شہانی اور ان کے چار ساتھیوں کی امن دشمن دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ علامہ ولایت جعفری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر میں سنی شیعہ اتحاد، مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملک میں قیام امن کے لئے معتدل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلصانہ کوششیں کررہی ہے۔ ملک دشمن اور امن دشمن عناصر ہمیں امن کی راہ سے کبھی بھی نہیں ہٹا سکتیں۔ نہ اتحاد اسلامی اور مظلوموں کے حقوق کے حصول کے لئے ہمارے ارادوں کو متزلزل کر سکتے ہیں۔ مظلوموں کی حمایت، ظالموں سے نفرت، پاکستان میں امن و بھائی چارے کا قیام، جیو اور جینے دو ہمارے اصول ہیں۔ امن کی راہ میں ہم نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ انسان دشمن دہشت گردوں کی جانب سے سیاسی کارکنوں کا اغواء ایک بزدلانہ فعل ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کی کوششوں میں مصروف کار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پُرامن کارکنوں کا اس طرح اغواء سے حکومت اور طالبان دہشت گردوں کے درمیان جاری نام نہاد مذاکرات کی قلعی کُھل جاتی ہے۔ امن دشمنوں کی طرف سے ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں کی اغواء کی کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد امن مذاکرات میں قطعی سنجیدہ نہیں۔ بلکہ وہ پاکستان کی جیلوں میں قید اپنے مجرموں کو رہائی دلوانے، مذاکرات کے دوران زیادہ سے زیادہ مراعات وصول کرنے اور دہشت گردانہ کاروائیاں کرنے کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنی جڑیں مضبوط کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر شاہانی اور ان کے چار ساتھیوں کو فوراً بازیاب کرایا جائے۔ کارکنوں کی عدم بازیابی کی صورت میں حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے گا۔‌ جس کو روکنا حکومت کے بس میں نہیں ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 350908
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش