0
Monday 3 Mar 2014 10:23

اسلام آباد، ایف 8 کچہری میں خودکش حملہ اور فائرنگ، ایڈیشنل سیشن جج سمیت 11 افراد جاں بحق 35 سے زائد زخمی

اسلام آباد، ایف 8 کچہری میں خودکش حملہ اور فائرنگ، ایڈیشنل سیشن جج سمیت 11 افراد جاں بحق 35 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں خودکش حملے اور فائرنگ سے ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان سمیت 11 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ ایڈیشنل جج کی عدالت کے باہر ہوا، حملے کے وقت عدالت میں خصوصی کیس کی سماعت جاری تھی۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے وکلا چیمبر کی طرف سے داخل ہوئے، پولیس کے روکنے پر خودکش حملہ آوروں نے خود کو اڑا لیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو چھڑانے کیلئے یہ حملہ کیا گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ واقعے کے بعد کچہری میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ایف 8 کچہری پر اس وقت حملہ کیا جب لوگ معمول کے مطابق کچہری میں اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ حملے میں ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں وکلا اور عام افراد بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح نامعلوم افراد نے ایف 8 کچہری پر دستی بموں سے حملہ کر دیا اور شدید فائرنگ بھی کی گئی, جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے کچہری سے متصل مارکیٹ میں بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ کے بعد امدادی اور سکیورٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے وکلاء کے چیمبرز کو نشانہ بنایا اور پندرہ سے بیس منٹ تک مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور وکلاء چیمبرز میں بھی چھپے ہوسکتے ہیں، جس کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 357283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش