0
Friday 14 Mar 2014 23:13

گلگت بلتستان سروسز ٹریبیونل کی افتتاحی تقریب، گورنر کی خصوصی شرکت

گلگت بلتستان سروسز ٹریبیونل کی افتتاحی تقریب، گورنر کی خصوصی شرکت
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں سروس ٹریبونل کے قیام سے یہاں کے ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے سر وس ٹریبونل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ گلگت میں سرکاری ملازمین کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے سروس ٹریبونل کا قیام جلد ہونا چاہیئے تھا، تاہم دیر آید درست آید، اللہ کے فضل و کرم سے اس ادارے کا قیام عمل میں آیا ہے جو یقیناً خوش آئند بات ہے۔ ٹریبونل کے قیام سے نہ صر ف گلگت بلتستان میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کا ایک درینہ مطالبہ پورا ہوا ہے بلکہ اس ٹریبونل سے ملازمین کے مسائل و مشکلات حل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یہاں کے سرکاری ملازمین کو یا تو گلگت بلتستان کی دیگر عدالتوں میں رجوع کرنا پڑتا تھا یا پھر اسلام آباد میں رجوع کرنا پڑتا تھا۔

اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے سروس ٹریبونل کے چیئرمین اور دیگر ممبران کو تلقین کی کہ وہ ملازمین کے مسائل و مشکلات کو دور کرنے اور ان کے مقدمات کو نمٹانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کریں، کیونکہ اس ٹریبونل میں قابل اور ایماندار جج صاحبان کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سے قبل سروس ٹریبونل کے چیئرمین حفیظ الرحمن نے ادارہ کے قیام اور اغراض و مقاصد سے شرکاء تقریب کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین کے مسائل اور مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے اپنا کردار ادا کرینگے۔ تقریب میں گلگت بلتستان کے وزراء، ممبران اسمبلی، جج صاحبان، سینئر وکلاء، عمائدین شہر اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 361792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش