0
Sunday 5 Sep 2010 07:01

کوئٹہ میں یوم القدس ریلی پر حملہ امریکہ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کی کاروائی ہے،ایم ڈبلیو ایم،آئی ایس او

کوئٹہ میں یوم القدس ریلی پر حملہ امریکہ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کی کاروائی ہے،ایم ڈبلیو ایم،آئی ایس او
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-کوئٹہ میں یوم القدس ریلی پر حملہ امریکہ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کی کاروائی ہے۔جس میں کالعدم دہشت گرد گروہ پوری طرح ملوث ہیں نیز حکومت بلوچستان اور کوئٹہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور غیر ذمہ داری بھی اس سازش میں شریک ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے راہنماﺅں حجة الاسلام والمسلمین علامہ محمد امین شہیدی،علامہ حسنین گردیزی،علامہ اعجاز بہشتی،علامہ محمد حسین مبلغی،برادر تقی حیدر،حمید رضوی امامیہ آرگنائزیشن پاکستان،برادر زاہد جعفری انجمن جانثاران اہل بیت اور دیگر ماتمی تنظیموں کے راہنماﺅں نے ایک بھرپور پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جمعة الوداع کو امام خمینی رہ کے فرمان پر یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے،تاکہ مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھا جاسکے اور اس کے حل کے لئے نیز امریکی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف موثر آواز بلند کی جاسکے۔پاکستان میں گزشتہ 3دہائیوں سے یوم القدس بھرپور طور پر منایا جا رہا ہے،یہ صورتحال امریکہ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں جو کالعدم دہشت گرد گروہ کی صورت میں پاکستان میں موجود ہیں،جن کو ایک آنکھ نہیں بھاتی،جس کی وجہ سے انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان حکومت اور کوئٹہ انتظامیہ کی مستقل مجرمانہ غفلت اور غیر ذمہ داری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ بھیانک اور بزدلانہ کاروائی کر ڈالی۔
انہوں نے اس بات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا کہ بجائے اس کے کہ حکومت بلوچستان اور کوئٹہ انتظامیہ اپنے جرائم اور غیر ذمہ داریوں کا تدارک کرے،وہ اس عظیم القدس ریلی کے منتظمین کو بھی مورد الزام ٹھہرا رہی ہے،جس کی کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ 1سال سے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے،جس میں سیکڑوں معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں،لیکن ابھی تک کسی ایک قاتل کو گرفتار یا سزا نہیں دی گئی،جو حکومت بلوچستان اور کوئٹہ انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماﺅں نے وزیر داخلہ کے اس بیان کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ یہ بیان امریکہ اور اسرائیل کی پالیسی کا عکاس ہے اور سیکورٹی کی ذمہ دار حکومت وقت ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور FC کی طرف سے القدس ریلی پر فائرنگ کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں کہ جس فائرنگ کی وجہ سے درجنوں افراد شہید ہوئے۔انہوں نے حکومت پنجاب اور بالخصوص وزیر لاقانون رانا ثناءاﷲ کو یوم امام علی(ع) لاہور میں بم بلاسٹ کا ذمہ دار قرار دیا اور انہوں نے مزید کہا کہ اگر جلسے جلوسوں کو محدود کرنا ہے اس وجہ سے کہ ان میں دہشت گردی ہونے کا خطرہ ہے،تو پھر تمام مساجد ،بازار،حکومتی دفاتر، GHQ اور تمام اداروں کو بند کرنا ہو گا۔
رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ IGبلوچستان کو برطرف کیا جائے اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا جائے،جس نے سوچتے سمجھتے ہوئے سیکورٹی کے ناقص انتطامات کیے اور دہشت گردوں کا ساتھ دیا۔
گزشتہ کافی عرصے سے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔ سانحہ عاشورہ کراچی،سانحہ لاہور یوم امام علی(ع)،سانحہ داتا دربار،سانحہ القدس ریلی کوئٹہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے،لیکن ابھی تک حکومت ان دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور تمام مذہبی تنظیموں نے اتوار کے دن ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے چیف جسٹس سے حالیہ صورتحال بالخصوص سانحہ لاہور اور سانحہ کوئٹہ کی نوٹس لینے کی اپیل کی۔اور وزیر داخلہ رحمان ملک اور صوبائی وزیر داخلہ کی برطرفی کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 36251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش