0
Tuesday 7 Sep 2010 11:40

ایرانی قونصل جنرل کی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سے ملاقات،غیر ملکی طاقتیں شیعہ سنّی فسادات کرانے کیلئے سرگرم ہیں،منوّر حسن

ایرانی قونصل جنرل کی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سے ملاقات،غیر ملکی طاقتیں شیعہ سنّی فسادات کرانے کیلئے سرگرم ہیں،منوّر حسن
  لاہور:اسلام ٹائمز-جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے لاہور میں قونصلیٹ جنرل علی نیکان سے منصورہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ایرانی قونصلیٹ کے نمائندے سید علی اصغر جلال بھی موجود تھے،سید منور حسن نے  کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی فساد کرانے کے لیے غیر ملکی طاقتیں سرگرم عمل ہیں،لیکن پاکستانی عوام انہیں ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گلی کوچوں،بازاروں اور شہروں میں شیعہ سنی باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔پاکستانی حکومت امریکا کی حاشیہ بردار ہے اور امریکا عراق و افغانستان کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پاکستان تک کھینچ لایا ہے، پاکستانی عوام اپنے اتحاد و اتفاق سے بیرونی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی نے امریکا کی پالیسیوں کی مخالفت میں مہم چلائی ہے،جبکہ دیگر جماعتیں چاہے مذہبی ہوں یا سیاسی،وہ یہ کام نہیں کر رہی ہیں۔
اس موقع پر علی نیکان نے کہا کہ آیت اللہ روح اللہ الخمینی کے جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اور جماعت اسلامی سے گہرے روابط رہے ہیں۔پاکستان میں حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود ان روابط میں کمزوری نہیں آئی۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو دعوت دی کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کریں اور ایرانی قیادت سے براہ راست تبادلہ خیال کریں۔سید منور حسن نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے ایرانی قونصلیٹ جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد عید الفطر کے بعد ایران کا دورہ کرے گا۔
جنگ نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی فساد کرانے کیلئے غیر ملکی طاقتیں سرگرم عمل ہیں،لیکن پاکستانی عوام انہیں ناکام بنا دیں گے۔وہ منصورہ لاہور میں ایرانی قونصلیٹ جنرل علی نیکان سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان کے گلی کوچوں بازاروں اور شہروں میں شیعہ سنی باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام اپنے اتحاد اتفاق سے بیرونی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ایران کے لاہور میں قونصلیٹ جنرل علی نیکان نے کہا کہ پاکستان میں حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود دونوں ممالک کے روابط اور دوستی میں کوئی کمزور نہیں آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 36482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش