0
Sunday 23 Mar 2014 22:08

طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، ثروت اعجاز قادری

طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سُنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے اسلامی تشخص پرکوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان بچانے کیلئے صوفیاء کے ماننے والوں کو اس ملک کا حاکم بنانا ہوگا۔ طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ امن دشمنوں کو کچلنے کے لیے جرأت مندانہ فیصلے کیے جائیں اور نظریہ ضرورت کی بجائے نظریہ پاکستان کو پروان چڑھایا جائے۔ حکومتی پالیسیاں امن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔ عدلیہ نے آج تک کسی ایک دہشت گرد کو بھی پھانسی پر لٹکایا ہوتا تو آج ملک میں امن قائم ہوچکا ہوتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت جامعہ رحمانیہ ترنول میں تحفظ نظریہ پاکستان سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکہ اسلامی ریاستوں کو تقسیم کر رہا ہے اور ڈالروں سے مسلم حکمرانوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ حکمران اپنے اثاثے پاکستان منتقل کر دیں تو غیرملکی امداد کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ملکی سلامتی کے لیے سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ نظریۂ پاکستان کے مخالفین کی حکومتی ایوانوں میں پذیرائی سے قائداعظم کی روح کو تڑپایا جا رہا ہے۔ نفرتوں کے بیوپاری ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ صوفیاء کے ماننے والے امن کا جھنڈا سربلند رکھیں گے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والے انتہاپسندوں کے مقابلے کے لیے متحد ہو جائیں۔

اس موقع پرعلامہ خادم الاسلام ترنولی، علامہ وسیم عباسی، ملک عبدالرؤف، مفتی عبدالحفیظ رضوی، ملک اشتیاق اعوان، علامہ سجاد رضا قادری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے خون پسینے کی کمائی سے نااہل حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں اس وقت نہ عوام کی جان محفوظ ہے نہ مال۔ تھر اور چولستان میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے ہاتھوں پورا ملک یرغمال ہے۔ چند مخصوص خاندانوں نے سیاست و جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے قوم کو نااہل حکمرانوں سے آزادی حاصل کرنی ہو گی۔ اس موقع پر شرکاء نے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور قیام پاکستان کے عظیم مقاصد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے حلف اُٹھا کر تجدید عہد بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 365004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش