0
Sunday 26 Apr 2009 09:09

چند دینی درسگاہیں انتہا پسندی سکھاتی ہیں، وزیر اعظم گیلانی

چند دینی درسگاہیں انتہا پسندی سکھاتی ہیں، وزیر اعظم گیلانی
لاڑکانہ:وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ غربت کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو مدارس میں بھجوانے پر مجبور ہیں اور چند دینی درسگاہیں انتہا پسندی سکھاتی ہیں لہذا بچوں کو انتہا پسندی سے بچانے کیلئے ملک بھر میں کیڈٹ کالج جیسے معیاری تعلیمی ادارے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پوری قوت رکھتے ہیں اور قوم کو اعتماد میں لے کر ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج لاڑکانہ کی سترویں یوم والدین اور سرکٹ ہاوٴس لاڑکانہ میں انٹرن شپ پلیسمنٹ آرڈر تقسیم کرنے کی تقاریب سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم بہتر تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ہم بہت جلد قوم کو ایسی ایجوکیشن پالیسی دیں گے جس سے نہ صرف جدید خطوط اور تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کی جاسکے گی بلکہ ساتھ ہی ساتھ مدرسوں میں بھی کمپیوٹر کی تعلیم کے ساتھ دیگر علوم پر بھی تعلیم کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اگر اچھے تعلیمی ادارے ہوں گے تو لوگ مدرسوں میں نہیں جائیں گے اور نہ ہی نوجوان کسی کے بہکاوے میں آسکیں گے۔انہوں نے اس موقع پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے لئے ایک سو پچاس ملین روپے کی خصوصی گرانٹ،کالج لائیبریری کے لئے پانچ لاکھ روپے اور کالج کے شعبہ آرکائیو کا نام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے اور اس کی ترقی کے لئے دوملین روپے اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کے لئے دس دس ہزار روپے کے انعامات کا اعلان کیا۔ بعد ازاں سرکٹ ہاوس میں بیروزگار نوجوانوں کو انٹرن شپ چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بیروزگار گریجویٹ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چار سو ساٹھ گریجویٹ نوجوانوں میں سے دس نوجوانوں کو علامتی طور پر انٹرن شپ پلیسمنٹ آرڈر کے چیک دئیے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے پروگرام کے مطابق تیس ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،وفاقی وزیر محنت خورشید شاہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے ہمراہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید، ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی۔

خبر کا کوڈ : 3673
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش