0
Saturday 12 Apr 2014 19:29
جنونیت کو شریعت کا نام نہیں دیا جاسکتا

استحکام پاکستان کانفرنس میں امن فارمولے کا اعلان کرینگے، صاحبزادہ حامد رضا

استحکام پاکستان کانفرنس میں امن فارمولے کا اعلان کرینگے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران 150 فوجی شہید ہوچکے ہیں۔ قوم پاک فوج کی توہین برداشت نہیں کرسکتی کیونکہ پاک فوج ذاتی نہیں قومی جنگ لڑ رہی ہے۔ خواجہ آصف کو وزارت دفاع سے الگ کیا جائے۔ جنونیت کو شریعت کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ حکمرانوں نے قوم کو ڈاکوں، دھماکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ قومی خزانہ عوام کی بجائے حکام پر لٹایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزراء کے غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ بیانات نے سول ملٹری تعلقات میں تناؤ اور کھچاؤ پیدا کیا ہے۔ وزیراعظم وزراء کے فوج مخالف بیانات کا نوٹس لیں۔ 20 اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کانفرنس میں امن فارمولے کا اعلان کیا جائے گا۔ قوم دھرتی سے وفا اور ملکی بقاء کے لیے متحد ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20 اپریل کی استحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ لاہور میں بھتہ خوری کی وارداتوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ جے یو آئی قیمت بڑھانے کے لیے حکومت سے علیحدگی کا ڈرامہ کر رہی ہے۔ جے یو آئی کشمیر کمیٹی اور اسلامی نظریاتی کونسل کی چیئرمینی کیوں نہیں چھوڑتی۔ پاکستان میں نظام کمزور اور قیادت بدعنوان ہے۔ کراچی میں دہشت گردی کا سوئچ آن آف کرنے والوں کا سوئچ آف کون کرے گا۔ پاکستانی معاشرہ حرمت جان سے عاری معاشرہ بن چکا ہے۔ 20 اپریل کی استحکام پاکستان کانفرنس میں دہشت گردی کی مخالف جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ کانفرنس میں اسلام اور پاکستان سے محبتوں کا والہانہ اظہار کیا جائے گا۔ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہوگا۔ اسلام اور مسلمانوں پر دہشت گردی کا لیبل لگانے والے حقیقی اسلام اور حقیقت اسلام سے آگاہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 372215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش