0
Monday 21 Apr 2014 23:17

بی این پی (مینگل) کے زیراہتمام حامد میر پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بی این پی (مینگل) کے زیراہتمام حامد میر پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے ممتاز سینیئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر اور پارٹی رہنماء نذیر احمد بلوچ پر قاتلانہ حملوں کے خلاف پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے اکثریتی علاقوں میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جبکہ کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے پارٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی قیادت میں مظاہرہ منعقد ہوا۔ جس میں پارٹی کے مرکزی میڈیا کے سربراہ آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور آغا حسن بلوچ نے حامد میر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جنہوں نے بلوچستان کے مظلوم، محکوم، لاپتہ افراد اور جملہ مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صحافی برادری کیساتھ ہمیشہ انکی اخلاقی اور انکے خلاف ہونیوالے ناانصافیوں پر جمہوری انداز میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ پارٹی ملکی سطح پر صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، کیونکہ غیر جانبدارانہ صحافت معاشرے میں انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے ان کی جدوجہد اور قلم کی آواز کی معاشرے میں ناانصافیوں اور ناروا سلوک کے حوالے سے موثر کردار ادا کرتی ہے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ بی این پی حامد میر کے گھرانے اور انکے ورثاء کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ پارٹی اس موقع پر اعادہ کرتی ہے کہ وہ کسی صورت میں بھی اہل قلم اور اس گھرانے کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی طریقے سے جس طرح صحافیوں کو قتل وغارت گری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسی طرح گذشتہ دنوں پارٹی کے مرکزی رہنماء نذیر احمد بلوچ پر پنجگور میں قاتلانہ حملہ کیا گیا اور ایک ماہ قبل پارٹی کے عطاء اللہ محمد زئی کو شہید کیا گیا۔ ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود بی این پی اپنی قومی جمہوری سیاست کو جاری رکھے گی، کیونکہ ہم قومی نابرابری اور ناروا سلوک کے خاتمے کی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری جمہوری قومی سیاست بلوچستان میں انہی استحصالی پالیسیوں کے خلاف ہے۔ حامد میر کو سچ اور صداقت کی آواز بلند کرنے کی پاداش قتل و غارت گری کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ آخر میں انہیں زبردست خراج عیقدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ اس واقعے میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

خبر کا کوڈ : 375179
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش