0
Wednesday 23 Apr 2014 09:31

کشمیریوں نے مشکل ترین حالات میں تحریک آزادی کو زندہ رکھا، سراج الحق

کشمیریوں نے مشکل ترین حالات میں تحریک آزادی کو زندہ رکھا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ ہیں وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ وہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے دفتر میں کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر شعبہ خارجہ امور کے سربراہ مولانا غلام نبی نوشہری اور حریت رہنماء غلام محمد صفی اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رہنماء نور الباری بھی موجود تھے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آئین کے تحت نام نہاد انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ بھارت کے فوجی قبضے کی موجودگی کوئی بھی انتخابی عمل فوجی مشق ہی ہو سکتی ہے۔ بندوق کے زور پر ووٹ ڈالنے کے اس نام نہاد عمل کو فوجی مشق ہی کہا جا سکتا ہے انتخابات نہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں نے مشکل ترین حالات میں تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے۔  سراج الحق نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ان کی جدوجہد کسی انتخابی عمل یا حکومت کے لیے نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حریت قائد سید علی گیلانی پیرانہ سالی کے باوجود جدوجہد کر رہے ہیں ان کی قیادت میں ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند قیادت کے خلاف بھارتی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حریت رہنماء کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے یا پھر نظر بند کر دیئے گئے ہیں۔ بھارت بلاتاخیر کشمیری رہنماؤں اور دوسرے قیدیوں کو رہا کرے ان کے خلاف کریک ڈاؤن بند کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ 

اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا تنازعہ کشمیر سے متعلق دو ٹوک موقف ہے۔ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے ہمیشہ اور ہر فورم پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا ہے۔ 

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے خارجہ امور کے سربراہ مولانا نبی نو شہری نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ہمیشہ کشمیر کاز کو اجاگر کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشت بانی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 375643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش