0
Friday 25 Apr 2014 15:47

سینئراینکر پرسن افتخار احمد کو طالبان کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں قابل مذمت ہیں، الطاف حسین

سینئراینکر پرسن افتخار احمد کو طالبان کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں قابل مذمت ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سینئر اینکرپرسن، ممتاز دانشور اور معروف تجزیہ نگار افتخار احمد کو طالبان کی جانب سے دی جانے والی تازہ ترین دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ انتہاء پسند دہشت گرد اب اتنے بے خوف و خطر ہوچکے ہیں کہ انہوں نے لاہور جو کہ پنجاب کا صوبائی دارالحکومت ہے وہاں کی مصروف شاہراہ پر افتخار احمد کی گاڑی کو ٹریفک سگنل پر روک کر انہیں طالبان کے خلاف باتیں کرنے پر سخت نتائج کی دھمکی دی، افتخار احمد کو دی گئی اس دھمکی کی اطلاع جب افتخار احمد کے اہل خانہ کو ملی تو ان میں سراسیمگی پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج افتخار احمد کو دی گئی دھمکی کو دو دن گزر جانے کے باوجود پولیس نے دھمکی دینے والوں کا سراغ لگانے میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں کی ہے۔

الطاف حسین نے وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، وزارت داخلہ اور آئی ایس آئی، آئی بی سمیت تمام وفاقی اور صوبائی ایجنسیز سے اپیل کی کہ وہ افتخار احمد جو کہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت کا مناسب بندوبست کریں اور دھمکی دینے والے دہشت گرد عناصر کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دیں۔ الطاف حسین نے اس واقعہ پر افتخار احمد سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ افتخار احمد اور دیگر قلمکاروں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور حکومت کو توفیق دے کہ وہ اپنا قومی فرض سمجھتے ہوئے ملک کے ان قیمتی اثاثوں کی حفاظت کا بھرپور اور فوری انتظام کرے۔
خبر کا کوڈ : 376312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش