0
Saturday 10 May 2014 18:45

مجلس وحدت مسلمین 11 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کریگی

مجلس وحدت مسلمین 11 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کریگی
اسلام ٹائمز۔ 11 مئی ملکی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے، جس دن جمہوریت کے نام پر موجودہ حکمران انجینئرڈ الیکشن کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا ماجد علی نے لاہور میں ہونے والے احتجاج کے انتظامات کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈویژنل آرگنائزر شیخ عمران علی، سید حسین زیدی، رائے اسد علی، توصیف رضا سمیت ضلع لاہور کے دیگر مسئولین شریک تھے۔ علامہ امتیاز کاظمی کا کہنا تھا موجودہ حکومت انتظامی امور کے ہر پہلو سے ناکام ہے، موجودہ حکمرانوں نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے نعرے کو بنیاد بنا کر اقتدار میں آئے تھے لیکن آج توانائی کا بحران بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ستم بالائے ستم یہ کہ توانائی بحران کے حل کی واحد اُمید پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی ملک دشمن عالمی طاقتوں کے دباوُ میں آ کر پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔

علامہ امتیاز کاظمی نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر پورے ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی ہے، تاریخ میں پہلی بار پاکستانی شہریوں پر عالمی سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی دہشت گردوں کی جنت چکا ہے، خلیجی ملکوں کی دہشت گردانہ خارجہ پالیسی کی بے جا حمایت کی وجہ سے پاکستان عالمی سفارتی تنہائی کا شکار ہوگیا ہے، اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء ہے جبکہ خود حکومتی صفوں میں گروہ بندی عروج پر ہے۔ علامہ امتیاز کاظمی کا کہنا تھا کہ ملک کے محروم علاقے بدترین تنہائی کا شکار ہیں جبکہ ریاستی کنٹرول ملک میں کہیں نظر نہیں آتا، اقتدار ایک گھر کے اندر تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ لیپ ٹاپ سکیم اور یوتھ فیسٹول کے نام پر کرپشن اور سیاسی رشوت کا بازار گرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں خودکشیوں کی شرح بلند ترین سطح پر ہے، جو عوام کی ناگفتہ بہ حالت کی عکاس ہے۔ ایسے حالات میں کوئی بھی محب وطن خاموش نہیں رہ سکتا، مجلس وحدت مسلمین 11 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے 4 بجے احتجاج کریگی اور اس حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے ایک سال میں سوائے دلاسوں اور جھوٹے وعدوں کے کچھ نہیں دیا، ایسے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، جو مظاہرے اور دھرنے کے سوا کوئی اور زبان سمجھتے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنا حق لینے کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حکمران نااہل ہیں، انہیں فوری طور پر اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 381224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش