0
Monday 12 May 2014 13:46

جامعہ کراچی نے 10 برس بعد ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات بحال کر دیئے

جامعہ کراچی نے 10 برس بعد ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات بحال کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں واقع جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے 10سال سے معطل شدہ ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کا سلسلہ ایک بار پھر بحال کر دیا ہے اور شعبہ امتحانات 10 برس بعد رواں سال جولائی میں بی کام، بی اے (ریگولر اور پرائیویٹ) اور بی ایس سی کے ضمنی امتحانات ایک بار پھر منعقد کرے گا جس سے گریجویشن کرنے والے کراچی کے لاکھوں طلبہ و طالبات اپنی سند (ڈگری) کے حصول کے لئے ایک سال انتظارکرنے کے بجائے سال کے درمیان امتحان دے کر ڈگری حاصل کر سکیں گے۔ ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کے انعقادکے سلسلے میں شعبہ امتحانات کی جانب سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور سالانہ امتحانی نتائج کے اجراء کے بعد بی کام ریگولر کے امتحانی فارم بھی کالجوں کو جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ بی کام پرائیویٹ کے امتحانی فارم سالانہ نتائج کے رواں ماہ متوقع اجراء کے بعد جاری کئے جائیں گے۔

جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی نے میڈیا کو بتایا کہ جامعہ کراچی بی کام ریگولر پارٹ ون اور ٹو جبکہ بی اے (پرائیویٹ) پارٹ ون کے نتائج جاری کر چکی ہے تاہم ابھی بی اے (ریگولر) پارٹ ون اور ٹو، بی اے (پرائیویٹ) پارٹ ٹو، بی کام (پرائیویٹ) پارٹ ون اور ٹو اور بی ایس سی پارٹ اور ٹو کے نتائج کا اجراء باقی ہے، امید کی جا رہی ہے کہ یہ نتائج رواں ماہ مئی میں جاری کر دیئے جائیں گے جس کے بعد تمام ضابطوں کے ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات جولائی میں لئے جائیں گے اور رمضان المبارک کے سبب یہ امتحانات صبح کے اوقات میں 10 بجے سے ایک بجے تک لئے جائیں گے۔ ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ شعبہ امتحانات جولائی میں امتحانات کے انعقاد کے بعد اگست کے آخری ہفتے تک نتائج جاری کر دے گا جس کے بعد نومبر اور دسمبر میں سالانہ امتحانات کے انعقاد کے لئے تیاری کی جائے گی۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے سابق ناظم امتحانات پروفیسر انور زیدی نے تقریباً 15 برس کے وقفے کے بعد ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کاسلسلہ گزشتہ عشرے کے اوائل میں شروع کیا تھا تاہم انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا اور ضمنی امتحانات کا سلسلہ ایک بار پھر معطل ہوگیا، اس اثنا میں سرکاری کالجوں اور پرائیویٹ بنیادوں پر گریجویشن کرنے والے طلبہ و طالبات کو پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے کے لئے ڈگری کے حصول کی خاطر ایک سال تک سالانہ امتحانات کے انعقاد کا انتظار کرنا پڑتا تھا اور انھیں ملازمت کی تلاش میں دشواریوں کا سامنا رہتا تھا تاہم اب اس سلسلے کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 381637
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش