0
Thursday 15 May 2014 21:05

جسارت پر چینل ذمہ داران پوری قوم سے معذرت کریں، ترجمان علامہ ساجد نقوی

جسارت پر چینل ذمہ داران پوری قوم سے معذرت کریں، ترجمان علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے کہا ہے کہ لوگوں کی عقیدت و عقائد پر مبنی قصائد کو اس قسم کے پروگراموں میں پیش کرنا لوگوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، مذکورہ چینل کے ذمہ داران اس جسارت پر قوم سے معذرت کریں اور یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ ایسے پروگرامز نشر کرنے سے اجتناب کیا جائیگا جس سے عقائد پر حرف آتا ہو اور مذہبی جذبات مجروح ہوں، پیمرا بھی ایسے پروگرامز کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

گزشتہ روز نشر ہونیوالے پروگرام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ پروگرام میں ایسے الفاظ کا تذکرہ کیا گیا اور اس میں کچھ لوگوں کو بٹھا کر خالصتاً مذہبی عقیدت و عقائد پر مشتمل قصائد اس انداز میں پیش کئے گئے جس سے لوگوں کے عقیدے اور مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، پورے ملک میں غم و غصے کی ایک لہر دوڑ گئی اور اسی پروگرام کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ آزادی اظہار رائے پر کوئی پابندی نہیں لیکن مذکورہ بالا پروگرام کا اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں اس طرح کے پروگرام نشر کرنے سے پہلے بعض وجوہ کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اس جسارت پر مذکورہ بالا چینل کے ذمہ داران پوری قوم سے معذرت کریں اور معاملے کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور وضاحت کے ساتھ یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ کبھی ایسا کوئی پروگرام نشر نہیں کیا جائیگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پیمرا کو بھی چاہیے کہ ایسے پروگراموں کی سختی سے مانیٹرنگ کیا کریں اور اس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 382887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش