0
Friday 16 May 2014 08:53

یوم نکبہ پر فلسطین فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کا مطالبہ

یوم نکبہ پر فلسطین فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کا مطالبہ

رپورٹ: ایس زیڈ ایچ جعفری 

فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ”یوم نکبہ، یوم واپسی فلسطین“ کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کی صدارت جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی جبکہ آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے صوبائی رہنما نہال ہاشمی، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کے ترجمان سید اظہر شاہ ہمدانی، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور ایم ڈبلیو ایم سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید صادق رضا تقوی، چرچ آف پاکستان کے بشپ صادق ڈینئل، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، صوبائی امیر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما مطلوب اعوان، جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، سیکریٹری جنرل سندھ علامہ عقیل انجم، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فردوس نقوی، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسل کے رکن وکیل خان سواتی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اقبال قادری، عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے شہزاد مظہر، شگفتہ انیس سمیت فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد میں ڈاکٹر رفعت اعوان، ہنیزہ قادر اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے تحت یوم نکبہ پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ فلسطین پر 66 سالوں سے غاصب صیہونیوں کے مظالم کا سلسلہ جا ری ہے تاہم مسلم امہ کو چاہئیے کہ مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرے اور مظلوم فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے انسانوں کو اسرائیل جیسے ناسور سے نجات دلوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالم بشریت کے لئے سنگین خطرہ بن چکا ہے جس کی نابودی نا گزیر ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریتری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ایک سنجیدہ نوعیت کا مسئلہ ہے اور پاکستان کی عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ علام امین شہیدی نے اقوام متحدہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے حق واپسی کا دفاع نہ کیا تو ملک بھر میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور پاکستان کی عوام فلسطینیوں کے حق واپسی کا دفاع کرنے کے لئے کسی سے پیچھے نہیں رہے گی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چرچ آف پاکستان کے بشپ صادق ڈینئل نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اے پی سی سے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے صوبائی رہنماء رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ اس موضوع کو درسگاہوں سے اٹھایا جائے، حریت کی تمام شاخیں فلسطین کے ساتھ ہیں اور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں ہم فلسطینیوں کے شانہ بہ شانہ ہیں۔ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ انبیاء کی اس سرزمین کے ساتھ پاکستانیوں کا ہمیشہ رابطہ رہا ہے اور رہے گا، ہمارا فلسطین اور فلسطینیوں سے دلی محبتوں کا رشتہ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حق واپسی کے مطالبے کی حمایت کی اور کہا کہ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور دنیا بھر میں بے دخل کئے جانے والے لاکھوں فلسطینیوں کو فی الفور فلسطین واپس جانا چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری بدقسمتی ہے کہ مسئلہ فلسطین ایک ماضی کی داستان بن چکا ہے، ہمارے کالم نگاروں مقروں کا بھی قصور رہا ہے۔نہال ہاشمی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ فلسطین والوں کی منشاء کے مطابق حل ہونا چائیے اور دنیا کے تمام جمہوری نظاموں کو غاصب اسرائیل نقصان پہنچا رہا ہے تاہم مسلم امہ کو متحد ہو کر صیہونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس نقوی نے کہا کہ اس مسئلے کو ہمارے دل سے حل کرنے کی ضرورت ہے، من حیث الامہ یہ مسئلہ دراصل صیہونزم نے پیدا کیا ہے، فلسطین میں قبلہ اول بیت المقدس ہے جو چونکہ مسلمانوں کے دوسرا مقام مقدس ہے، ہمیں یہ سوچنا چائیں کہ آج کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق، شام، مصر وہاں جمہوری حکومت پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، امریکا اور دیگر طاقتیں اس کو فورس کر رہی ہیں، سعودی عرب اور بحرین میں اسرائیلی سازشیں کارگر ہیں لہذا مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسے انسانی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صہیونزم کے خلاف ہیں اور دنیا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی جیسے مسائل صیہونزم کی پیداوار ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسطینیو ں کی بھرپور مدد کی جائے اور ان کے حقوق کا ہر فورم پر دفاع کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی دہشت گرد ہے اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئیے۔ رہنماوؤں کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم نے فلسطینی رہنماﺅں سے خط و کتابت میں کہا تھا کہ اسرائیل امریکا کی ناجائز اولاد ہے، تمام مظالم کے باوجود فلسطینیوں نے حریت کے علم کو بلند رکھا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حضرت آیت اللہ خمینی نے ایران سمیت پوری دنیا کو بیدار کیا اور مرگ بر امریکہ، مرگ بر اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کے خلاف امریکہ آواز اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا جو غارت گر فلسطین میں موجود ہے وہ پاکستان میں بھی ہے، پاکستانی عوام فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں اور انشاءاللہ القدس آزاد ہو کر رہے گا۔ 

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ہمارا مسئلہ ہے اور اسی طرح مسئلہ برما مسئلہ کشمیر بھی ہمارے اہم مسائل میں سے ہیں، تاہم سرائیل صرف ایک اسرائیل نہیں ہے بلکہ اس دنیا میں اس ناموں سے اسرائیلی کردار ادا کرنے والے موجود ہیں اسی لئے تو مسئلہ فلسطین حل نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہود و نصاریٰ کے علاوہ اور بھی بہت سارے غاصب موجود ہیں، غاصب سے قبضہ مظلوم سے چھینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو پاکستان کو روز اول سے کھٹک رہا ہے اس لئے کہ یہ ایک ایٹمی پاور ہے۔ علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری عالم انسانیت کے لئے سنگین خطرہ بن چکا ہے اور ہم ہر فورم پر فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے اور فلسطینیوں کے حق واپسی کا دفاع کرتے رہیں گے یہاں تک کہ دنیا بھر کے تمام فلسطینیوں کو ان کے وطن واپس آباد نہیں کر دیا جاتا۔
 
فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے کہا کہ فلسطین کی عوام کا حق واپسی انکا بنیادی حق ہے اور ہم آج یہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے فلسطینیوں کو ان کے حق واپسی کا حق نہ دیا اور فلسطین واپس جانے میں مثبت کردار ادا نہ کیا تو عالمگیر تحریک کا اعلان کریں گے اور پھر پوری دنیا سے فلسطینیوں کو جمع کرکے فلسطین کی طرف ایک ملک سے دوسرے ملک کی طرف مارچ کرتے ہوئے جائیں گے اور آخر کار سرزمین فلسطین میں داخل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی اور قتل و غارت میں غاصب اسرائیل براہ راست ملوث ہے۔ صابر کربلائی کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے اور پاکستان کا دفاع اسلام کا اور اسلام کا دفاع پوری انسانیت کا دفاع ہے۔ اس موقع پر پاکستان سنی تحریک، عوامی نیشنل پارٹی، ہیومن رائٹس نیت ورک اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

خبر کا کوڈ : 382982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش